نندی گرام میں پولنگ تک قیام کا اعلان ۔ ممتا نے پہلے مرحلہ میں 26 نشستوں پر کامیابی کے امیت شاہ کے دعویٰ کا مضحکہ اُڑایا
کولکاتا: چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے آج نندی گرام میں زبردست روڈ شو منعقد کیا جہاں وہ اپنے سابقہ بااعتماد وزیر اور موجودہ بی جے پی امیدوار شویندو ادھیکاری کے خلاف نبرد آزما ہیں۔ ممتا بنرجی نے وہیل چیر پر 8 کیلو میٹر طویل روڈ شو منعقد کیا اور راستے کی دونوں جانب کھڑے لوگوں کو دونوں ہاتھ جوڑ کر نمستے کیا۔ اِس اسمبلی حلقہ میں سخت مسابقت کی توقع ہے اور یہاں دوسرے مرحلہ میں یکم اپریل کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ مقامی افراد اور پارٹی کارکنان جو ٹی ایم سی سربراہ کے ساتھ تھے، اُنھوں نے ممتا بنرجی زندہ باد کے نعرے بلند کئے۔ بعد میں اُنھوں نے ریالی سے خطاب کیا۔ شعلہ بیان ٹی ایم سی لیڈر نے اعلان کیا ہے کہ وہ نندی گرام میں جمعرات کو ووٹنگ کے اختتام تک قیام کریں گی۔ دوسرے مرحلہ کے لئے انتخابی مہم 30 مارچ کو شام 5 بجے ختم ہوجائے گی۔ بی جے پی ذرائع نے بتایا کہ مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ بھی منگل کو نندی گرام میں روڈ شو کا حصہ بنیں گے۔ قبل ازیں چیف منسٹر ممتابنرجی نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے ذریعہ پہلے مرحلے میں منعقدہ 30 سیٹوں کی پولنگ میں 26 سیٹیں جیتنے کے دعوی پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ انہیں بقیہ چار سیٹوں پر بھی جیت کا دعویٰ کردینا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی کو ’’بڑا رسوگولا‘‘ کے علاوہ کچھ نہیں ملے گا۔ ممتا بنرجی سے سوال کیاکہ آخر امیت شاہ اتنے یقین کے ساتھ کیسے کہہ سکتے ہیں۔کیا انہوں نے ووٹنگ مشین دیکھی ہے۔ انہوں نے کہاکہ وہ بھرم پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں جبکہ بنگال کے عوام نے انہیں سبق سکھانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ممتا بنرجی نے کہاکہ بنگال پر کوئی بھی باہری حکومت نہیں کرسکتا ہے۔ ممتابنرجی نے کہاکہ مودی زمین لے کر اپنے دوستوں اڈانی کے حوالہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ملک کے سرمایے کو چند دوستوں کے ہاتھوں سپرد کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ 2 مئی کو ریاست کے عوام بیرونی عناصر کو باہر کا راستہ دکھائیں گے۔ بنگال نے کبھی بھی بیرونی عناصر کو تسلیم نہیں کیا ہے۔ ممتابنرجی نے الیکشن کمیشن سے اپنی ذمہ داری ادا کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ مرکزی فورسیس کے جوان خواتین اور ضعیف لوگوں کو بی جے پی کو ووٹ ڈالنے کیلئے کہہ رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ سلسلہ بند ہونا چاہیے۔ ممتابنرجی نے کہاکہ یہ اترپردیش نہیں ہے یہ بنگال ہے اور بنگال کے عوام اپنے کلچر کی حفاظت کے لئے سنجیدہ ہیں۔