جمہوری حقوق کی حفاظت سے کوئی نہیں روک سکتا،’’ زخمی شیر زیادہ خطرناک ‘‘ ہوتا ہے : چیف منسٹر بنگال
کولکتہ : چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے آج وہیل چیر پر انتخابی ریالی میں حصہ لیا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ بی جے پی سے مقابلہ کیلئے تیار ہیں ۔ ممتابنرجی کا کہنا ہے کہ زخمی شیر زیادہ خطرناک ہوتا ہے۔ ہاسپٹل سے ڈسچارج ہونے کے دو دن بعد انہوں نے وہیل چیر پر انتخابی ریالی میں حصہ لیا جس میں ہزاروں کی تعداد میں کارکنوں نے شرکت کی ۔ اس موقع پر سخت سکیورٹی انتظامات کئے گئے تھے ۔ ممتابنرجی کو نندی گرام میں پیش آئے حادثہ کے بعد ہاسپٹل میں شریک کیا گیا تھا جہاں ان کے پیر پر بھی زخم آئے تھے ۔ اس موقع پر انہوں نے بی جے پی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ انہیں لوگوں کے جمہوری حقوق کی حفاظت کر نے سے کوئی بھی چیز نہیں روک سکتی۔ ممتا نے جنوبی کولکتہ کے ہازرہ میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’’ مجھے چوٹ لگی ہے اور میں بیمار ہوں لیکن میرا مقصد باقی ہے۔ میرا جسم چوٹوں سے بھر ا ہے ‘‘۔انہوں نے کہا ’’ میں اس وہیل چیئر پر بیٹھ کر پورے بنگال میں گھومتی رہوں گی۔ اگر میں بیڈ ریسٹ پر چلی جاتی ہوں تو بنگال کے لوگوں تک کون پہنچے گا ‘‘۔ممتابنرجی نے 5 کیلو میٹر طویل روڈشو کیا ۔ وزیراعلی 10 مارچ کو نندی گرام میں انتخابی مہم کے دوران گر گئی تھیں اور زخمی ہو گئی تھیں اور ا ن کی بائیں ٹانگ پر پلاسٹر بھی چڑھایا گیا تھا ۔ انہیں اسپتال سے چھٹی دی گئی ہے لیکن پھر بھی وہیل چیئر پر بیٹھ کر انتخابی مہم چلانی پڑ رہی ہے ۔
ممتابنرجی پر منصوبہ بند حملہ نہیں کیا گیا : الیکشن کمیشن
چوٹ لگنے کے واقعہ پر کارروائی ، ڈی ایم کا تبادلہ‘ ایس پی معطل
کولکتہ :الیکشن کمیشن نے مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی پر نندی گرام میں منصوبہ بند حملہ ہونے کی بات سے انکار کرتے ہوئے اتوار کو اشارہ دیا کہ سیکورٹی میں چوک کی وجہ سے انہیں چوٹیں آئیں۔ الیکشن کمیشن نے وویک سہائے کو سیکورٹی اور مقام کے ڈائریکٹر کوعہدہ سے ہٹادیا ہے۔ زیڈ پلس سیکورٹی یافتہ شخص کی سیکورٹی کی ابتدائی ذمہ داری نبھانے میں وہ پوری طرح ناکام رہے ہیں۔الیکشن کمیشن نے نندی گرام واقعہ پر مشرقی مدنا پور کے ایس پی پروین پرکاش کو بھی معطل کردیا ہے۔ کمیشن کا کہنا ہے کہ اسٹار کمپینر ہونے کے باوجود انہوں نے بلیٹ پروف گاڑی استعمال نہیں کی ۔