حیدرآباد ۔23۔ اگست (سیاست نیوز) ایسے وقت جبکہ ملک میں اردو زبان اپنے جائز مقام کو حاصل کرنے کی جدوجہد کر رہی ہے، بعض ایسے اردو کے ہمدرد موجود ہیں جو کسی تشہیر کے بغیر اردو زبان کو جائزہ مقام دلانے کیلئے عملی اقدامات کررہے ہیں۔ ملک کی بعض ریاستوں میں اردو دوسری سرکاری زبان کا درجہ دیا گیا لیکن سرکاری سطح پر اردو زبان کی عمل آوری برائے نام ہے۔ چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی جو سیکولرازم اور اقلیتوں سے ہمدردی کا غیر معمولی ریکارڈ رکھتی ہیں، انہوں نے اردو زبان کو خود اپنے دفتر میں جائز مقام دیتے ہوئے ملک کے دیگر قائدین کیلئے مثال قائم کی ہے۔ مغربی بنگال میں اردو صحافت اور اردو کے فروغ سے متعلق اداروں کو حکومت کی مکمل سرپرستی حاصل ہے۔ ممتا بنرجی نے اردو سے اپنی وابستگی کا اظہار اپنے لیٹر ہیڈ کے ذریعہ کیا ہے۔ چیف منسٹر مغربی بنگال کے لیٹر ہیڈ پر اردو میں ممتا بنرجی کا نام شامل ہے۔ اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ مغربی بنگال اردو میں درج ہے۔ مغربی بنگال ملک کی شائد پہلی ریاست ہے جہاں کے چیف منسٹر کے لیٹر ہیڈ پر اردو کو شامل کیا گیا ۔ گزشتہ دنوں ممتا بنرجی نے وزیراعظم نریندر مودی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ملک میں عصمت ریزی اور قتل کے واقعات کے ملزمین کو سزا دلانے کیلئے فاسٹ ٹریک اسپیشل کورٹس کے قیام کی تجویز پیش کی۔ ممتا بنرجی کا یہ مکتوب سوشیل میڈیا میں وائرل ہوا جس کے بعد سے اردو داں طبقہ میں ممتا بنرجی کی عزت و توقیر میں اضافہ ہوچکا ہے۔ سوشیل میڈیا پر اردو کے چاہنے والوں نے چیف منسٹر کے لیٹر ہیڈ پر اردو تحریر شامل کرنے کی ستائش کی ہے۔ ظاہر ہے کہ ممتا بنرجی اردو زبان پڑھنے اور لکھنے کی صلاحیت تو نہیں رکھتیں لیکن انہوں نے اپنے لیٹر ہیڈ پر اردو کو شامل کرتے ہوئے زبان سے اپنی محبت اور حقیقی سیکولرازم کا ثبوت دیا ہے۔ کاش ملک کے تمام چیف منسٹرس اپنے لیٹر ہیڈ پر اردو زبان شامل کرتے ہوئے ممتا بنرجی کی تقلید کریں گے اور اردو سے اپنی حقیقی وابستگی کا اظہار کریں گے۔ جن ریاستوں میں اردو کو دوسری سرکاری زبان کا درجہ دیا گیا ہے وہاں بھی سرکاری کام کاج اردو میں انجام نہیں دیا جاتا۔ 1