علی پور دوار: مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے نیتا جی سبھاش چندر بوس کے 128 ویں یوم پیدائش کے موقع پر منعقدہ سرکاری پروگرام کے دوران سیاسی ہلچل پیدا کردی، اس تقریب میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے اقلیتی امور کے سابق مرکزی وزیر مملکت جان بارلا کی موجودگی نے سیاسی قیاس آرائیوں کو تیز کردیا ہے ۔اپنے خطاب میں، ممتابنرجی نے مرکزی حکومت پر سخت حملہ کیا اور ساتھ ہی بی جے پی کو مغربی بنگال سے اکھاڑ پھینکنے کا اشارہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد ریاست میں بی جے پی کی پالیسیوں کو ختم کرنا اور بنگال کی ترقی کو نئی بلندیوں پر لے جانا ہے ۔اس پروگرام میں جان بارلا کی موجودگی کو ترنمول کانگریس کی طرف سے ایک حکمت عملی اقدام قرار دیا جا رہا ہے ۔ سیاسی ماہرین کا خیال ہے کہ یہ 2026 کے اسمبلی انتخابات کے لیے ترنمول کانگریس کی بی جے پی کو کمزور کرنے کا آغاز ہو سکتا ہے ۔جان برلا نے تاہم ترنمول کانگریس میں شامل ہونے کی قیاس آرائیوں کو مسترد کردیا۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک سرکاری تقریب تھی اور مجھے اس میں مدعو کیا گیا تھا۔ اس میں میری موجودگی کو سیاسی طور پر نہ دیکھا جائے ۔ میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے ساتھ ہی ہوں اور ترنمول کانگریس میں شامل ہونے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے ۔اس کے باوجود ممتا بنرجی نے جان برلا کی موجودگی کو ایک اشارے کے طور پر پیش کیا اور اسے بی جے پی کے خلاف ترنمول کی بڑی حکمت عملی کا حصہ قرار دیا۔انہوں نے کہاکہ ہم اپنی ریاست میں ہر ایک کے لیے کام کر رہے ہیں اور عوام جانتے ہیں کہ کون ان کے ساتھ ہے ۔اس پیش رفت نے بنگال کی سیاست میں ایک نئی ہلچل پیدا کردی ہے ۔