بی جے پی کی کامیابی محض وقتی، وزیر صحت ای راجندر کا بیان
حیدرآباد۔ وزیر صحت ای راجندر نے الزام عائد کیا کہ مرکز کی مودی حکومت نے منافع بخش عوامی شعبہ کے اداروں کو خانگیانے کا فیصلہ کرکے کارپوریٹ شعبہ کے حوالے کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ ای راجندر نے مخالف کسان بلز کے خلاف ملک گیر احتجاج کی تائید کی اور کہا کہ مرکزی حکومت زرعی شعبہ کے فوائد کارپوریٹ شعبہ کو پہنچاتے ہوئے کسانوں کا نقصان کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریلویز، ایل آئی سی، بی ایس این ایل کو خانگیانے کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ ان اداروں سے وابستہ ہزاروں ملازمین کے روزگار کو خطرہ لاحق ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منافع بخش اداروں کو خانگیانے کا فیصلہ انتہائی بدبختانہ ہے۔ بی جے پی حکومت کارپوریٹ گھرانوں کے اشاروں پر کام کررہی ہے۔ راجندر نے کہا کہ بی جے پی برسراقتدار آنے کے بعد نئی صنعتوں کے قیام کا سلسلہ بند ہوگیا برخلاف اس کے موجودہ منافع بخش اداروں کو بھی بند کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو فائدہ پہنچانے کے بجائے کارپوریٹ گھرانوں کے مفادات کا تحفظ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کسانوں کو 24 گھنٹے مفت برقی سربراہ کی جارہی ہے۔ زرعی شعبہ کو سہولتوں کی فراہمی میں تلنگانہ ملک میں سرفہرست ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی مذہبی جذبات کو بھڑکاتے ہوئے تلنگانہ میں سیاسی فائدہ حاصل کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے حالیہ بلدی انتخابات کا حوالہ دیا اور کہا کہ بی جے پی کی انتخابی مہم مذہبی بنیادوں پر تھی جبکہ ٹی آر ایس نے ترقیاتی ایجنڈہ کو پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے قیام کے بعد سے 95 فیصد انتخابات میں ٹی آر ایس کو کامیابی حاصل ہوئی۔ تمام ضلع پریشد اور مجالس مقامی کے انتخابات میں عوام کی تائید ٹی آر ایس کے ساتھ رہی۔ راجندر نے کہا کہ مذہبی منافرت کی سیاست کو عوام قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت ریاست کے ساتھ ناانصافی کا رویہ اختیار کررہی ہے۔ جی ایس ٹی کے بقایا جات کے علاوہ دیگر ٹیکسیس میں حصہ داری جاری نہیں کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ بی جے پی قائدین کے بیانات پر عوام بھروسہ نہیں کرینگے اور بی جے پی قائدین اپنے مقام بھول کر بیان بازی پر اُتر آئے ہیں۔ بی جے پی کی حالیہ کامیابیاں موقتی اور محض اتفاق ہیں۔