منتخب 1061 اسسٹنٹ پروفیسرس میں تقرری دستاویزات حوالے

   

آئندہ دو ماہ میں مزید 9222 عملہ کا تقرر کرنے وزیر صحت ہریش راؤ کا اعلان
حیدرآباد ۔ 22 مئی ( سیاست نیوز) وزیر صحت ہریش راؤ نے 1061 اسسٹنٹ پروفیسرس کو تقرری دستاویزات حوالے کرکے آئندہ 2ماہ میں محکمہ صحت میں مزید 9222 تقررات کا اعلان کیا ۔ حیدرآباد میں ایک تقریب میں ہریش راؤ نے کہا کہ ریاست میں 80 ہزار تقررات کا عمل جاری ہے ، پانچ ماہ میں 1061 اسسٹنٹ پروفیسرس کا تقرر کیا گیا اور ایک دن میں تمام کو دستاویزات حوالے کئے گئے ۔ طبی تعلیم میں یہ ایک ریکارڈ ہے ۔ ساتھ ہی آیوش محکمہ میں 1331 کنٹراکٹ عملہ کی خدمات کو باقاعدہ بنایا گیا ہے ۔ وزیر صحت نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ کی تشکیل سے ابھی تک محکمہ صحت میں 22,263 تقررات کئے گئے ۔ دو ماہ میں مزید 9222 تقررات کئے جائیں گے ۔ سرکاری طبی خدمات میں تلنگانہ ملک بھر میں تیسرے مقام پر ہے ۔ تلنگانہ ڈائگناسٹک میں فی الحال 54 ٹسٹ دستیاب ہیں جون سے ان کی تعداد 134 کردی جائیگی ۔ ریاست میں ایک سال میں 9نئے میڈیکل کالجس قائم کئے گئے ۔ ہر میڈیکل کالج کی تعمیر پر 500 کروڑ کے اخراجات ہوتے ہیں ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ 1147 اسسٹنٹ پروفیسرس کی جائیدادوں پر تقررات کیلئے 6 ڈسمبر کو 34 شعبوں میں 1147 تقررات کیلئے اعلامیہ جاری کیا گیا ، 20 ڈسمبر تا 12 جنوری تک درخواستیں طلب کی گئی ۔ 2فبروری تک سرٹیفیکٹس کی تنقیح کی گئی ۔20فبروری کو روسٹر فہرست کا اعلان کیا گیا 28مارچ کو ابتدائی میرٹ لسٹ جاری کرکے اعتراضات قبول کئے گئے ۔ 8 مئی کو فائنل لسٹ جاری کی گئی ۔ 1061 افراد کا انتخاب کیا گیا منتخب ڈاکٹرس کی خانگی پریکٹس پر امتناع عائد کیا گیا ، نئے منتخب اسسٹنٹ پروفیسرس ڈی ایم ای کے حدود میں کام کریں گے ۔ ہر ضلع میں نئے میڈیکل کالجس میں محکمہ صحت سے پروفیسرس اور اسوسی ایٹ ، اسسٹنٹ پروفیسرس کا تبادلہ کردیا گیا ہے جس سے عملہ کی قلت کا مسئلہ ختم ہوگیا ہے۔ن