منجل ، موسم گرما کا پسندیدہ پھل شدید گرمی میں راحت کا باعث ، صحت کیلئے مفید

   

حیدرآباد ۔ 26 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : موسم گرما میں آم کی مانگ بڑھ جاتی ہے لیکن اس کے علاوہ آئس ایپلس ( منجل ) کا بھی بہت استعمال ہوتا ہے جو موسم گرما کے دوران بکثرت پایا جاتا ہے ۔ یہ ایک سخت پرپل ۔ بلیک یا سبز رنگ کے شیلس کے اندر ہوتا ہے جس میں شیل کی سائز کے لحاظ سے 2 تا 4 منجل ہوتے ہیں ۔ منجل کا مزہ اچھا ہوتا ہے اور اس کا پانی قدرے میٹھا ہوتا ہے ۔ گرما میں اس پھل کا استعمال زیادہ ہوتا ہے ۔ پھسل بنڈہ ، چندرائن گٹہ ، بالا پور ، کتہ پیٹ ، ایل بی نگر ، سنتوش نگر ، ونستھلی پورم ، حیات نگر ، بی این ریڈی نگر اور کرمن گھاٹ جیسے مقامات پر ٹھیلہ بنڈیوں پر اور سڑک کے کنارے اس پھل کو فروخت کرنے والوں کے پاس اچھا سیل ہورہا ہے ۔ کتہ پیٹ میں ایک وینڈر نے کہا کہ ہم یہ پھل یاچارم منڈل کے ایک گاؤں سے مال آٹو ٹرالی میں لاکر شہر کے مختلف مقامات پر فروخت کرتے ہیں ۔ یہ پھل ہر گرما میں اپریل میں آتا ہے اور مئی تک دستیاب ہوتا ہے ۔ گرمی کی شدت کے درمیان اس پھل کی کافی مانگ ہورہی ہے جس کی وجہ یہ بزنس تیز ہوگیا ہے ۔ پھسل بنڈہ کے ایک وینڈر نے کہا کہ کسٹمرس کا رسپانس بہت اچھا ہے کیوں کہ درجہ حرارت میں اضافہ ہورہا ہے جس کی وجہ سے اس کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے ۔ منجل نہ صرف ایک اچھا ذائقہ دار پھل ہے بلکہ صحت کے لیے اس کے کئی فوائد ہیں ۔ گرما کا یہ پھل ایک قدرتی کولینٹ کی طرح کام کرتا ہے ۔ اور جسم میں متوازن الیکٹرولائیٹس کو برقرار رکھتا ہے ۔۔