ظہیر آباد کے کسانوں سے ملاقات، راجیو گاندھی میموریل کرکٹ ٹورنمنٹ کا افتتاح
حیدرآباد۔24 ۔ستمبر (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس حکومت مندروں کو کروڑہا روپئے مختصر کر رہی ہے جبکہ کسانوں کے بقایہ جات کی ادائیگی کیلئے بجٹ نہیں ہے۔ انہوں نے ظہیر آباد کے شوگر کین کسانوں کے بقایہ جات کی فوری ادائیگی کا مطالبہ کیا۔ ریونت ریڈی نے ظہیر آباد میں راجیو گاندھی میموریل کرکٹ ٹورنمنٹ کا افتتاح کیا جس میں ریونت ریڈی الیون اور اظہرالدین الیون ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہوا۔ ریونت ریڈی سے کسانوں سے ملاقات کی اور حکومت کی جانب سے بقایہ جات کی عدم ادائیگی کی شکایت کی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو گنے کی خریدی کے لئے مراکز قائم کرنے چاہئے ۔ مندروں کی ترقی اور تزئین نو کے لئے کروڑہا روپئے خرچ کئے جارہے ہیں۔ حکومت کو کسانوں کا بھی خیال کرنا چاہئے ۔ کسان سے گنا حاصل کرتے ہوئے کرناٹک منتقلی کا انتظام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر فصلوں کی اقل ترین امدادی قیمت ادا کی گئی تو رعیتو بندھو اور رعیتو بیمہ اسکیمات کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ کانگریس پارٹی کسانوں کے مسائل کو اسمبلی اجلاس میں موضوع بحث بنائے گی۔ واضح رہے کہ ظہیر آباد میں گنے کے کسانوں نے بند منایا اور ریالی منظم کی ۔ ظہیر آباد میں راجیو گاندھی میموریل کرکٹ ٹورنمنٹ کے اہتمام میں سابق کپتان ہندوستانی کرکٹ ٹیم محمد اظہرالدین نے اہم رول ادا کیا ۔ اس موقع پر سابق ڈپٹی چیف منسٹر دامودر راج نرسمہا ، پولیٹیکل افیرس کمیٹی کے کنوینر محمد علی شبیر ، سابق وزیر ڈاکٹر جے گیتا ریڈی ، ظہیر آباد پارلیمانی حلقہ کے انچارج مدن موہن اور دیگر قائدین موجود تھے۔ ر