مخدوم بھون میں جلسہ عام، سید عزیز پاشاہ، کے ستیم اور دوسروں کا خطاب
حیدرآباد ۔ 19۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) سی پی آئی کی کسان تنظیم تلنگانہ اسٹیٹ رعیتو سنگم کے زیر اہتمام منریگا اسکیم سے مہاتما گاندھی کے نام کو حذف کرنے کے خلاف احتجاجی جلسہ عام مخدوم بھون کے راج بہادر گوڑ ہال میں منعقد ہوا۔ سابق رکن راجیہ سبھا اور سی پی آئی کے قومی سکریٹری سید عزیز پاشاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہاتما گاندھی کو مہاتما کا اعزاز نامور شاعر رابندر ناتھ ٹیگور نے ان کی غیر معمولی خدمات پر دیا تھا۔ ہندوستان کی جدوجہد آزادی میں مہاتما گاندھی کا غیر معمولی رول رہا اور ان کی جدوجہد کے نتیجہ میں ملک کو آزادی ملی۔ عزیز پاشاہ نے ہندوستان کے آخری وائسرائے لارڈ ماؤنٹ بیٹن کے الفاظ کو دہرایا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ پنجاب میں ہندو مسلم فسادات کو روکنے کیلئے 60 ہزار سپاہی ناکام رہے تھے لیکن صرف مہاتما گاندھی نے تنہا متحدہ بنگال میں فرقہ وارانہ کشیدگی پر نہ صرف قابو پالیا بلکہ ایک بھی فرقہ وارانہ قتل کا واقعہ پیش نہیں آیا۔ مہاتما گاندھی کی شناخت دنیا بھر میں ایک عظیم رہنما کے طورپر ہے۔ منریگا اسکیم سے مہاتما گاندھی کا نام حذف کرتے ہوئے بی جے پی حکومت نے تاریخی غلطی کی ہے اور عوام کو اس فیصلہ کی مخالفت کیلئے آگے آنا چاہئے ۔ سی پی آئی رکن کونسل کے ستیم نے کہا کہ مرکزی حکومت کو اپنا فیصلہ واپس لینا چاہئے ۔ آل انڈیا کسان سبھا کی پی پدما نے جلسہ کی صدارت کی۔ انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس نے ہمیشہ مہاتما گاندھی کے قاتل گوڈسے کو ہیرو کے طورپر پیش کیا ہے۔ مہاتما گاندھی کا نام اسکیم سے نکال کر بی جے پی نے آر ایس ایس کی پیروی کی ہے۔ جلسہ عام سے مادھو ریڈی ، کانتیا اور اگریکلچر لیبر یونین کے قائدین نے مخاطب کیا۔1
