سابق وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کو چیف منسٹر ریونت ریڈی اور بی سی سی صدر مہیش کمار گوڑ کا خراج
حیدرآباد ۔ 26۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے سابق وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کو پہلی برسی کے موقع پر خراج پیش کیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا ، حکومت کے مشیر وی نریندر ریڈی اور قانون ساز کونسل کے چیف وہپ پی مہیندر ریڈی ، رکن پارلیمنٹ نلگنڈہ رگھو ویر ریڈی کے ہمراہ ڈاکٹر منموہن سنگھ کے پورٹریٹ پر گلہائے عقیدت پیش کئے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ملک میں معیشت کے استحکام اور غریب عوام کیلئے فلاحی اسکیمات کے آغاز میں ڈاکٹر منموہن سنگھ کا اہم رول رہا ہے۔ وزیراعظم کی حیثیت سے 10 سال تک ڈاکٹر منموہن سنگھ نے ہندوستانی معیشت کو نہ صرف مستحکم کیا بلکہ دیہی ضمانت روزگار اسکیم کا آغاز کرتے ہوئے لاکھوں افراد کی مدد کی گئی۔ اسی دوران کانگریس پارٹی ہیڈکوارٹر گاندھی بھون میں صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے سابق صدر جمہوریہ شنکر دیال شرما اور سابق وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کی برسی کے موقع پر خراج پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ 28 ڈسمبر کو ہر گاؤں میں مہاتما گاندھی کی تصویر کے ساتھ احتجاج منظم کرتے ہوئے کانگریس کارکن منریگا اسکیم کی برخواستگی کے خلاف ناراضگی درج کرائیں گے۔ نریندر مودی حکومت نے گاندھی جی سے منسوب اسکیم کو ختم کرتے ہوئے نئی اسکیم متعارف کی ہے جس میں ریاستوں پر 40 فیصد بوجھ عائد کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ منریگا اسکیم کے ذریعہ لاکھوں دیہی عوام کو روزگار حاصل ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی اپیل پر ریاست بھر میں دھرنا اور احتجاج منظم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یو پی اے دور حکومت میں شروع کردہ فلاحی اسکیمات کو ختم کرنے کی سازش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکیم کو بحال کرنے تک احتجاج جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ 28 ڈسمبر کو ریاست بھر میں مہاتما گاندھی کے مجسمہ کے پاس کانگریس کارکن مرکزی حکومت کے خلاف احتجاج کریں گے۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں سے بڑی تعداد میں شرکت کی اپیل کی۔1
