منریگا اسکیم کے نام کی تبدیلی کے خلاف کانگریس کا ریاست گیر سطح پر احتجاج

   

Ferty9 Clinic

مہیش کمار گوڑ نے رنگاریڈی میں دھرنا کیا، مہاتما گاندھی کا نام حذف کئے جانے پر تنقید
حیدرآباد۔ 21 ڈسمبر (سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی کے زیر اہتمام مرکزی حکومت کے خلاف آج تمام ضلع ہیڈکوارٹرس پر دھرنا منظم کرتے ہوئے دیہی ضمانت روزگار اسکیم سے مہاتما گاندھی کا نام حذف کرنے کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے رنگاریڈی ضلع کے معین آباد منڈل کے عزیز نگر میں منعقدہ احتجاجی پروگرام میں حصہ لیا۔ اے آئی سی سی سکریٹری ومشی چند ریڈی، ضلع کانگریس صدر نرسمہا ریڈی، مقامی ارکان اسمبلی کے علاوہ سینئر قائدین اور کارکنوں کی کثیر تعداد نے دھرنے میں حصہ لیا۔ کانگریس پارٹی نے ملک گیر سطح پر احتجاج کا فیصلہ کیا ہے اور تلنگانہ میں گزشتہ 2 دنوں سے پردیش کانگریس کمیٹی نے ضلع واری سطح پر احتجاجی منصوبہ کا اعلان کیا۔ مہیش کمار گوڑ نے احتجاجیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دیہی علاقوں کے بے روزگار افراد کو روزگار فراہم کرنے کے لئے یو پی اے حکومت نے منریگا اسکیم متعارف کی تھی جس کے تحت تمام اخراجات مرکز کی جانب سے برداشت کئے جارہے تھے۔ نریندر مودی حکومت نے اسکیم کا نام تبدیل کردیا اور ریاستوں پر 40 فیصد کی حصہ داری کا بوجھ عائد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہاتما گاندھی اور پنڈت جواہر لال نہرو نے دیہی معیشت کے استحکام کے لئے مساعی کی تھی جس کے نتیجہ میں یو پی اے حکومت نے اسکیم کو مہاتما گاندھی سے موسوم کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یو پی اے دور حکومت کی تمام اسکیمات کے نام تبدیل کرتے ہوئے انہیں ختم کرنے کی سازش ہے۔ سونیا گاندھی نے دیہی علاقوں تک روزگار کو پھیلانے کے لئے اسکیم کا آغاز کیا تھا۔ 2014 میں بی جے پی برسر اقتدار آنے کے بعد مجاہدین آزادی کی قربانیوں کو نظرانداز کیا جارہا ہے۔ حکومت نے ہر سال دو کروڑ روزگار فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا اس اعتبار سے 24 کروڑ روزگار کی فراہمی کی تفصیلات عوام کے روبرو پیش کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی حکومت انتخابی وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوچکی ہے۔ روزگار میں اضافے کے بجائے عوامی شعبہ کے اداروں کو خانگی شعبہ کے حوالے کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10 برسوں میں نریندر مودی حکومت نے غریبوں کے لئے ایک بھی کارنامہ انجام نہیں دیا۔ میہش کمار گوڑ نے اعلان کیا کہ کانگریس پارٹی منریگا اسکیم کی بحالی تک احتجاج جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ چوری کے ذریعہ برسر اقتدار مودی حکومت کو اسکیمات میں تبدیلی کا کوئی حق نہیں ہے۔ 1