ضلع اننت پور میں تین بھائی پولیس ملازمت کے لیے منتخب
محبوب الدولہ کے خوش قسمت بیٹے محمد سمیر ، محمد غوث اور محمد علی کے مثالی کارنامہ کی ہر طرف سے ستائش
حیدرآباد ۔ 2 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : ریاست آندھرا پردیش کے ضلع اننت پور کے گتی ٹاون کے حقیقی بھائی ایک ہی وقت میں پولیس کانسٹبل کے لیے منتخب ہوئے ۔ تفصیلات کے مطابق اے آر ہیڈ کانسٹبل محبوب دولہ کے تین بیٹے محمد سمیر ، محمد غوث اور محمد علی نے حال ہی میں کانسٹبل کی ملازمت کے لیے امتحان دیا تھا اور جب نتائج آئے تو سب کو حیرت میں ڈال دیا ۔ بیک وقت تینوں بھائی کانسٹبل کی ملازمت کے لیے منتخب ہوگئے ۔ جس کی اطلاع ان کے والدین کو ملنے پر ان کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہیں رہا ۔ آج کے دور میں ایک گھر سے ایک ملازمت ملنا ہی مشکل ہوگیا ہے ایسے میں ایک ہی گھر سے تینوں بھائیوں کا منتخب ہونا سب کے لیے ایک مثال بن گئے ہیں ۔ محمد سمیر ، محمد غوث اور محمد علی نے اپنی محنت اور لگن سے یہ کارنامہ انجام دیا ہے ۔ تینوں بھائیوں کے منتخب ہونے پر اطراف کے علاقوں سے لوگ انہیں مبارکباد پیش کررہے ہیں ۔ والدین کے لیے سب سے بِڑی خوشی کا دن ہے جن کے ہونہار بیٹے سرکاری ملازمت حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی ۔ یہ تینوں بھائی اننت پور ضلع ہی نہیں بلکہ پوری ریاست کے لیے ایک مثال بن چکے ہیں ۔ ان کے والدین امید کررہے ہیں کہ وہ اپنی ملازمت کو ایمانداری اور محنت کرتے ہوئے ان کے والدین کا نام روشن کریں گے اور محکمہ پولیس میں اپنی خدمت کے ذریعہ اونچا مقام حاصل کریں گے ۔ تینوں بھائیوں نے سبھی کے لیے ایک مثال قائم کی کہ محنت اور جستجو کے ساتھ کام کرنے پر کامیابی ضرور حاصل ہوتی ہیں ۔۔ ش