نئی دہلی، 28 اپریل (یواین آئی) مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا ہے کہ نارکو سنڈیکیٹ کے خلاف حکومت کی ’زیرو ٹالرنس‘ پالیسی کے مطابق نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے ترکی سے بدنام منشیات اسمگلر محمد سلیم ڈولا کو واپس لانے میں بڑی کامیابی حاصل کی ہے ۔ امیت شاہ نے منگل کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہاکہ مودی حکومت کی نارکو سنڈیکیٹ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت این سی بی نے آج ترکیہ سے بدنام منشیات اسمگلر محمد سلیم ڈولا کو واپس لانے میں بڑی کامیابی حاصل کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈرگ کارٹیل کو مکمل طور پر ختم کرنے کے حکومتی مشن کے تحت ہماری انسدادِ منشیات ایجنسیوں نے عالمی ایجنسیوں کے مضبوط نیٹ ورک کے ذریعے سرحدوں کے پار بھی اپنی گرفت مضبوط کر لی ہے ۔ سلیم ڈولا کی واپسی حکومت کے اس مضبوط عزم کو ظاہر کرتی ہے کہ تمام مفرور منشیات مجرموں اور منظم جرائم کے سنڈیکیٹ کے ارکان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
این سی بی نے بین الاقوامی اور ہندوستانی خفیہ ایجنسیوں کے ساتھ مل کر ’آپریشن گلوبل ہنٹ‘ کے تحت مطلوب منشیات اسمگلر محمد سلیم ڈولا کو ترکی سے واپس لانے میں کامیابی حاصل کی۔ آج صبح نئی دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچتے ہی این سی بی نے اسے حراست میں لے لیا۔