بیروت : لبنانی شیعہ ملیشیا حزب اللہ کے گڑھ سمجھے جانے والے علاقہ ’بقاع‘ میں ایک منشیات فروش اور اسلحہ کے اسمگلر نے لبنانی فوج کو مبینہ دھمکی آمیز پیغام دیا ہے جس کے بعد لبنانی عوامی حلقوں میں اس پر سخت تنقید کی جا رہی ہے۔ حزب اللہ کے گڑھ سمجھے جانے والے علاقہ میں ایران نواز تنظیم سے منسلک ایک جرائم پیشہ شخص کی صوتی ریکارڈنگ سامنے آئی ہے۔ بعلبک کے رہائشی رمزی زعیتر المعروف ابو الفیصل کو لبنانی فوج اور بعض قبائلی رہنماؤں کو دھمکی دیتے سنا جا سکتا ہے۔ زعیتر کا کہنا ہیکہ اگر اس کی عدم موجودگی میں الشراونہ کالونی میں واقع اس کے گھر پر چھاپہ مارا گیا تو لبنانی فوج کو اس کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔
اور اس کے بعد چھاپہ مارنے والوں کے بچوں کو قتل کیا جا سکتا ہے۔زعیتر کے الفاظ بعلبک کے الشراونہ محلے میں اس کے گھر پر فوج کے چھاپے کے پس منظر میں سامنے آئے، جس میں انتہائی مطلوب افراد شامل ہیں۔ اس کا گھر مطلوب مفرور “ابو سلہ” کے گھر سے ملحق ہے، جس کے ساتھ اس کی گرفتاری کے لیے اس سے قبل سکیورٹی فورسز کے درمیان دو ماہ سے زائد تک جھڑپیں ہوئی تھیں لیکن وہ نامعلوم مقام پر فرار ہو گیا تھا۔