بچوں پر توجہ دینے والدین کو مشورہ، نارائن پیٹ میں بیداری پروگرام، کلکٹر کا خطاب
نارائن پیٹ 27 جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ضلع کلکٹر نارائن پیٹ مسٹر کویا سری ہرشا نے کہا کہ نوجوانوں کو بری عادتوں سے بچنا چاہئے، اپنے والدین کو یاد رکھنا چاہئے اور کسی بھی حالت میں منشیات کی طرف راغب نہیں ہونا چاہئے۔ضلعی بہبود محکمہ کے زیراہتمام پیر کو کلکٹریٹ میں منشیات کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پرکلکٹر نے ان خیالات کا اظہارکیا ۔ بچوں کی جانب سے موبائل فون کے استعمال میں اضافہ کی وجہ سے سوچنے کا انداز بدل رہا ہے جس سے بہت سے نقصانات ہو رہے ہیں۔ کلکٹر نے مشورہ دیا کہ بالغ ہونے تک موبائل فون نہ دینا بہتر ہے اور ہر گھر میں بچوں کے فون کے استعمال پر والدین کی نگرانی ہونی چاہیے۔نوجوانوں کو منشیات کے ساتھ ساتھ گٹکا، گانجہ، نشہ، سگریٹ وغیرہ جیسی بری عادات سے بھی دور رہنا چاہیے، بری عادتیں صحت کو نقصان پہنچاتی ہیں اور سوچنے کی قوت کو ختم کر دیتی ہیں۔کلکٹر نے کہا کہ والدین کو چاہئے کہ وہ اپنے بچوں کو ہر روز مادری زبان میں اچھی اور اصلاحی نظمیں پڑھ کر سنائیں تاکہ وہ منشیات کی طرف راغب نہ ہوں اور وہ سماج میں اچھے برے کی پہچان کر سکیں۔ بعد ازاں کلکٹر نے منشیات کی روک تھام اور منشیات کے تدارک کے لیے بنائے گئے پوسٹرس کی نقاب کشائی کی۔ اس پروگرام میں ڈی ڈبلیو او وینوگوپال، ڈی ایس پی ستیہ نارائنا، سی آئی روی بابو، ضلع کے افسران اور دیگر نے شرکت کی۔