منشیات کی منتقلی پر قابو پانے چیف منسٹر کا کل اعلیٰ سطحی اجلاس

   

تلنگانہ کو منشیات سے پاک بنانے کا منصوبہ، وزراء اور اعلیٰ عہدیداروں کی شرکت متوقع

حیدرآباد 18 اکٹوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں منشیات کی غیر قانونی منتقلی اور فروخت پر قابو پانے کے لئے چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے 20 اکٹوبر کو پرگتی بھون میں اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیا ہے۔ اجلاس میں پولیس اور اکسائز کے اعلیٰ عہدیدار شرکت کریں گے۔ تلنگانہ ریاست کے قیام کے بعد حکومت نے محکمہ پولیس کو عصری بنانے کئی اقدامات کئے گئے۔ اس کے علاوہ امن و ضبط کی برقراری کے لئے درکار ہر ممکن قدم اٹھائے گئے۔ ریاست میں امن و ضبط کی صورتحال قابو میں ہے اور جرائم پر قابو پانے کے لئے پولیس متحرک ہے۔ حکومت نے گڑمبے کی غیرقانونی تیاری اور فروخت کے علاوہ کارڈس کلبس پر پابندی عائد کی ہے۔ حالیہ عرصہ میں ملک میں منشیات کی سربراہی اور فروخت میں اضافہ کے پس منظر میں حکومت نے تلنگانہ میں اس طرح کی سرگرمیوں کو روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف منسٹر نے اس سلسلہ میں پولیس اور اکسائز کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس طلب کیا ہے۔ اجلاس میں وزیرداخلہ محمد محمود علی، وزیر اکسائز سرینواس گوڑ، چیف سکریٹری سومیش کمار، ہوم اور اکسائز کے پرنسپل سکریٹریز، ڈائرکٹر جنرل پولیس مہندر ریڈی، پولیس کمشنرس، آئی جی، ڈی آئی جی، ایڈیشنل ڈی جی لاء اینڈ آرڈر انٹلیجنس ونگ، اضلاع کے سپرنٹنڈنٹ پولیس، اکسائز کے ڈپٹی کمشنرس، اسسٹنٹ کمشنرس، منشیات کی روک تھام کے لئے قائم کردہ خصوصی ٹاسک فورس کے عہدیدار شرکت کریں گے۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ہر ضلع میں منشیات کی سرگرمیوں سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کریں ۔ اجلاس میں گڑمبے کی غیرقانونی تیاری اور فروخت، کارڈس کلبس پر پابندی پر سختی سے عمل آوری کے لئے حکمت عملی طے کی جائے گی۔ حکومت نوجوان نسل کو اِس لعنت سے بچاتے ہوئے تلنگانہ کو منشیات سے پاک بنانے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ ر