سندیپ شنڈیلیہ آئی پی ایس ، سید عزیز پاشاہ اور تنظیم انصاف کے قائدین کی شرکت
حیدرآباد ۔ 17۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) سی پی آئی کی تنظیم انصاف کی جانب سے منشیات کے خلاف نوجوانوں میں شعور بیداری مہم کا اہتمام کیا گیا۔ سماج کو ڈرگس سے پاک بنانے کے نعرہ کے ساتھ چندرائن گٹہ علاقہ میں ریالی منظم کی گئی جس میں مقامی سماجی کارکنوں اور نوجوانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ تلنگانہ اینی نارکوٹک بیورو کے ڈائرکٹر سندیپ شنڈیلیہ نے نوجوان نسل کو مشورہ دیا کہ وہ منشیات اور دیگر لعنتوں سے خود کو دور رکھیں تاکہ اپنی صحت اور مستقبل کا تحفظ ہو۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کے استعمال سے زندگی پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں اور موجودہ حالات میں نوجوان نسل کو منشیات کے خلاف باشعور بنانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے سماج کے ہر شخص پر ذمہ داری عائد کی کہ وہ اس مہم میں شامل ہوتے ہوئے نوجوان نسل کا تحفظ کریں۔ سندیپ شنڈیلیہ نے رضاکارانہ تنظیموں کی جانب سے مہم کے اہتمام کا مشورہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ سماج میں تشدد اور بدامنی کے خاتمہ کیلئے ڈرگس پر کنٹرول ضروری ہے ۔ سابق رکن راجیہ سبھا سید عزیز پاشاہ نے کہا کہ منشیات کے استعمال سے نوجوان نہ صرف اپنی صحت بلکہ معاشرہ کی تباہی کا سامان کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ عرصہ میں منشیات کے استعمال سے نوجوانوں کے اموات کے واقعات منظر عام پر آئے ہیں ۔ چندرائن گٹہ علاقہ میں دو آٹو ڈرائیورس اور اپو گوڑہ میں ایک ورکر کی منشیات کے استعمال سے موت واقع ہوگئی۔ انہوں نے ڈرگس سے پاک سماج کی تشکیل کے لئے سماجی اداروں کو اہم رول ادا کرنے کا مشورہ دیا ۔ مقامی سماجی کارکن سالم باکوبن کی قیادت میں نوجوانوں کی کثیر تعداد نے اس مہم میں حصہ لیا۔ تنظیم انصاف کے ریاستی صدر آر گوپال ، تنظیم کے قائدین وینکٹ رام ریڈی ، بی نرسمہا ، منیر پٹیل ، سید محبوب میاں ، نریندر ، بالا کرشنا اور دوسروں نے شرکت کی۔1
