منموہن سنگھ فیلو پروگرام کے دوسرے بیاچ میں 100 پیشہ ور ہوں گے شامل

   

نئی دہلی، 26 ستمبر (یو این آئی) کانگریس نے سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کی 94 ویں یومِ پیدائش پر ‘ڈاکٹر منموہن سنگھ فیلوز پروگرام’ کے دوسرے بیچ میں 100 پیشہ ور افراد کو شامل کرنے کا اعلان کیا۔پروفیشنل کانگریس کے سبکدوش ہونے والے صدر اور راجیہ سبھا کے رکنِ پارلیمنٹ پروین چکرورتی نیز نو منتخب صدر مدھو یکشی گوڑ نے یہاں کانگریس ہیڈکوارٹر میں ہفتے کے روزپریس کانفرنس میں اس کی معلومات دیتے ہوئے بتایا کہ دوسرے بیچ میں فیلوز کی تعداد 50 سے بڑھا کر 100 کی گئی ہے ۔ اس سال پروگرام کا تھیم ‘فرام پروفیشنل ایکسی لینس ٹو پولیٹیکل امپیکٹ’ رکھا گیا ہے ۔مسٹر چکرورتی نے کہا کہ یہ پروگرام ڈاکٹر منموہن سنگھ کے ورثے کو آگے بڑھانے والا اقدام ہے اور اس کا مقصد ایسے پیشہ ور افراد کو عوامی زندگی میں آنے کا راستہ دینا ہے جو ملک کے لیے کچھ کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے بیچ میں 17 ریاستوں کے 50 پیشہ ور شامل ہوئے تھے ، جن میں ایک تہائی خواتین تھیں۔ یہ فیلوز بینکنگ، تدریس، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور طب سمیت مختلف شعبوں سے تھے ۔انہوں نے کہا کہ پہلے بیچ کے تقریباً 56 فیصد فیلوز دیگر پس ماندہ طبقات، درج فہرست ذاتوں اور اقلیتی برادریوں سے تھے ۔ مسٹر چکرورتی نے کہا کہ یہ پروگرام پیشہ ور افراد کو سیاست، پالیسی سازی اور قوم کی تعمیر میں اپنی مہارت کا استعمال کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے ۔مسٹر مدھو یکشی گوڑ نے کہا کہ دوسرے بیچ میں بھی باصلاحیت پیشہ ور افراد سیاست، پالیسی سازی اور قوم کی تعمیر میں اپنی مہارت کا استعمال کر سکیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس ایسے پیشہ ور افراد کو موقع دے رہی ہے جو تبدیلی کا حصہ بننا اور ہمہ گیر ہندوستان کی تعمیر میں اپنا تعاون دینا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لوک سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر راہل گاندھی کی ہدایت پر اس سال فیلوز کی تعداد بڑھا کر 100 کی گئی ہے ۔

مودی کا منموہن سنگھ کے یوم پیدائش پر خراجِ عقیدت
نئی دہلی۔ 26 ستمبر (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے روز سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کے یومِ پیدائش پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ وزیر اعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ہمارے سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ جی کو ان کے یومِ پیدائش پر خراجِ عقیدت۔ انہوں نے عوامی زندگی میں کئی سال گزارے اور پوری لگن کے ساتھ ملک کی خدمت کی۔ منموہن سنگھ نے 2004 سے 2014 تک ہندوستان کے وزیر اعظم کے طور پر کام کیا جو ملک کے سب سے ممتاز ماہرینِ معاشیات اور سیاسی رہنماؤں میں سے ایک تھے ۔ ڈاکٹر سنگھ کا 92 سال کی عمر میں 26 دسمبر 2024 کو انتقال ہو گیا تھا۔ ایک معروف ماہرِ معاشیات کے طور پر ڈاکٹر سنگھ نے ہندوستان کی معاشی صورت حال کو بدلنے میں اہم کردار ادا کیا، خاص طور پر اس وقت جب وہ وزیر اعظم پی وی نرسمہا راؤ کی حکومت میں وزیر خزانہ تھے ۔ ان کی قیادت میں 1991 میں شروع کی گئی بڑی معاشی اصلاحات ملک کی معاشی تاریخ میں ایک اہم موڑ ثابت ہوئی ۔ ان اصلاحات نے ہندوستانی معیشت کے دروازے کھولے ، کئی طرح کی پابندیاں ہٹائیں اور عالمی منڈی کے ساتھ اس کے ربط کو تیز کیا۔