منموہن سنگھ کی اچھی صحت کیلئے مودی کی نیک تمنائیں

   

نئی دہلی : وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کی صبح سابق وزیر اعظم اور کانگریس کے سینئر رہنما منموہن سنگھ کی صحت کے بارے میں دریافت کیا اور ان کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔ مودی نے ٹویٹ کیا ، ‘میں ڈاکٹر منموہن سنگھ جی کی اچھی صحت اور جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتا ہوں’۔قبل ازیں ، صحت اور خاندانی بہبود کے وزیر منسکھ مانڈویہ آج صبح نئی دہلی میں آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) پہنچے اور سابق وزیر اعظم 89سالہ ڈاکٹر منموہن سنگھ کی صحت کے بارے میں دریافت کیا۔سابق وزیراعظم کو طبیعت بگڑنے پر گذشتہ شام ایمس میں داخل کرایا گیا تھا۔ مانڈویہ نے ڈاکٹر وں سے ان کی صحت کے بارے میں دریافت کیا جو ڈاکٹر سنگھ کا علاج کر رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق کانگریس کے سینیئر رہنما ، سابق وزیر اعظم کو بخار اور کمزوری کی شکایت کے بعد دہلی کے ایمس اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ ڈاکٹر سنگھ کی حالت مستحکم ہے اور ڈاکٹروں کی ایک ٹیم ان کی نگرانی کر رہی ہے ۔ڈاکٹر سنگھ اس سال اپریل میں کورونا وائرس سے متاثر ہوئے تھے اور تب بھی انھیں ایمس میں داخل کرایا گیا تھا۔