منوج سنہا جموں وکشمیر کے نئے لیفٹیننٹ گورنر

,

   

نئی دہلی۔ صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر قائد اور سابق مرکزی وزیر منوج سنہا کو جموں وکشمیر کا نیا لیفٹیننٹ گورنر مقرر کیا ہے۔ راشٹرپتی بھون کے جاری کردہ ریلیز کے مطابق صدر کووند نے گریش چندر مرمو کا استعفیٰ منظور کرلیا ہے اور منوج سنہا کو مرکز کے زیر اقتدار ریاست کا نیا لیفٹیننٹ گورنر مقرر کیا ہے۔اس سے قبل چہارشنبہ کو مرمو نے جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ ذرائع کے مطابق مرمو کو دہلی میں دیگر ذمہ داری اور عہدہ دیئے جانے کا امکان ہے۔یکم جولائی 1959 کو اتر پردیش کے وارانسی میں پیدا ہوئے منوج سنہا نے بنارس ہندو یونیورسٹی (بی ایچ یو) کے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی (آئی آئی ٹی) سے بی ٹیک اور ایم ٹیک کی ڈگری حاصل کی ہے۔ انہوں نے طالب علمی کے زمانے سے ہی سیاست میں قدم رکھ دیا تھا۔ وہ بی ایچ یو کی طلبہ یونین کے صدر بھی رہے۔ منوج سنہا پہلی بار مرتبہ 1996 میں گیارہویں لوک سبھا کے لئے منتخب ہوئے تھے۔ اس کے بعد 1999 میں وہ 13 ویں لوک سبھا انتخابات جیت کر دوسری مرتبہ رکن پارلیمنٹ بنے۔سال 1999 سے 2000 کے درمیان وہ اسکول آف پلاننگ اینڈ آرکیٹیکچر کی جنرل کونسل کے ممبر رہے۔ منوج سنہا‘ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں مرکزی حکومت میں ٹیلی مواصلات اور وزیر مملکت برائے ریلوے کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ منوج سنہا کی شبیہ ’وکاس پرش‘ کی مانی جاتی ہے اور ان کا شمار قابل اور محنتی قائدین میں ہوتا ہے۔