چھوٹے بھائی راجگوپال ریڈی کا بی جے پی سے مقابلہ ، بڑے بھائی انتخابی مہم سے دور
حیدرآباد۔10۔اکٹوبر(سیاست نیوز) منوگوڑ ضمنی انتخابات کی انتخابی مہم سے خود کو دور رکھنے کے لئے رکن پارلیمنٹ بھونگیر مسٹر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی بیرون ملک دورہ پر روانہ ہوجائیں گے!مسٹر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اپنے بھائی و بھارتیہ جنتا پارٹی امیدوار کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی کے خلاف انتخابی مہم میں شرکت سے گریز کر رہے ہیں اور وہ اب تک منگوڑ ضمنی انتخابات کے سلسلہ میں منعقد ہونے والے پارٹی کے جائزہ اجلاس سے خود کو دور رکھے ہوئے تھے لیکن اب جبکہ انتخابات کے لئے اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے اور تمام سیاسی جماعتیں اپنی حکمت عملی تیار کرتے ہوئے میدان عمل میں اتررہی ہیں ایسے میں کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی آئندہ چند یوم کے دوران بیرون ملک دورہ پر روانہ ہونے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں اور کہا جا رہاہے کہ وہ اپنے بیرون ملک دورہ سے آئندہ ماہ کے وسط میں واپس ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق رکن پارلیمنٹ بھونگیراگر آئندہ چند یوم کے دوران بیرون ملک دورہ پر روانہ ہوتے ہیں تو ایسی صورت میں یہ کانگریس کے لئے جھٹکہ ہوگا کیونکہ تلنگانہ راشٹر سمیتی اپنے سینکڑوں قائدین کو منوگوڑکی ذمہ داری تفویض کر چکی ہے اور بھارتیہ جنتا پارٹی اپنے امیدوار و سابق رکن اسمبلی کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی کو کامیاب بنانے کے لئے پورا زور لگائے ہوئے ہے ۔کانگریس کی امیدوار پلوئی سراونتی نے دعویٰ کیا ہے کہ کانگریس رکن پارلیمنٹ مسٹر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کی انہیں مکمل تائید حاصل ہے اور وہ کئی جائزہ اجلاسوں میں شرکت کرنے کے علاوہ انتخابی مہم کا حصہ رہ چکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی اور کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کے درمیان تعلقات کافی اچھے ہیں او ر دونوں بھائی سیاسی مخالفین کے طور پر ایک دوسرے کے خلاف میدان میں رہنے کے حق میں نہیں ہیں اسی لئے کہا جا رہاہے کہ کانگریس رکن پارلیمنٹ بیرون دورہ پر روانہ ہوسکتے ہیں۔م