منوگوڑ ضمنی چناؤ کیلئے کانگریس کی مہم میں شدت مانکیم ٹیگور نے سینئر قائدین کے ساتھ مشاورت کی

   


حیدرآباد۔/4اکٹوبر، ( سیاست نیوز) الیکشن کمیشن کی جانب سے منوگوڑ ضمنی چناؤ کے شیڈول کی اجرائی کے ساتھ ہی کانگریس پارٹی نے انتخابی سرگرمیوں کو تیز کردیا ہے۔ جنرل سکریٹری انچارج مانکیم ٹیگور نے آج گاندھی بھون میں منوگوڑ اسمبلی حلقہ کے تمام منڈلوں کے انچارجس کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کے علاوہ اے آئی سی سی سکریٹریز بوس راجو، ندیم جاوید، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا، اے آئی سی سی سکریٹری روہت چودھری، ڈاکٹر جی چنا ریڈی، ورکنگ پریسیڈنٹ مہیش کمار گوڑ اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔ اجلاس میں انتخابی مہم کے نتائج کا جائزہ لیا گیا اور دیہی سطح پر مہم میں شدت پیدا کرنے کی ہدایت دی گئی۔ مانکیم ٹیگور نے کہاکہ منڈلوں کے انچارجس اور ان کے معاونین کو زیادہ تر وقت منوگوڑ میں گذارنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کے حق میں عوامی لہر موجود ہے۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے بتایا کہ انتخابی مہم کا پہلا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے اور کانگریس امیدوار گھر گھر پہنچ کر عوام سے ملاقاتیں کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے تمام سینئر قائدین انتخابی مہم میں مصروف ہیں اور راہول گاندھی کی تلنگانہ میں ’ بھارت جوڑو ‘ یاترا سے پارٹی کو فائدہ ہوگا۔ منڈلوں کے انچارجس نے اپنی رپورٹ پیش کی۔ر