رائے دہندوں بالخصوص اقلیتوں سے محمد سلیم کا اظہار تشکر
حیدرآباد۔/6 نومبر، ( سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی جناب محمد سلیم نے منوگوڑ ضمنی چناؤ میں ٹی آر ایس کی کامیابی پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور انتخابی مہم میں اہم رول ادا کرنے والے کے ٹی آر اور ہریش راؤ کو مبارکباد پیش کی۔ محمد سلیم جنہوں نے ضمنی چناؤ کی انتخابی مہم کے تحت مختلف منڈلوں کا دورہ کیا تھا نتیجہ کے اعلان کے بعد منوگوڑ کے رائے دہندوں بالخصوص اقلیتی رائے دہندوں سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں اور کمزور طبقات نے فرقہ پرست طاقتوں کو شکست دینے کا فیصلہ کرلیا تھا جس کے تحت متحدہ رائے دہی کے ذریعہ ٹی آر ایس امیدوار کو کامیابی سے ہمکنار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی فرقہ وارانہ سیاست کے ذریعہ تلنگانہ میں گنگا جمنی تہذیب کو ختم کرنا چاہتی ہے اور منوگوڑ کے عوام نے ان سازشوں کو ناکام بناتے ہوئے مناسب جواب دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے قومی سیاست میں حصہ لینے کے فیصلہ سے بی جے پی بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ محمد سلیم نے منوگوڑ کے تمام رائے دہندوں کا فرداً فرداً شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ عنقریب شخصی طور پر ان علاقوں کا دورہ کریں گے جہاں انتخابی مہم چلائی تھی اور رائے دہندوں سے اظہار تشکر کریں گے۔ر