منوگوڑ میں انتخابی وعدوں کی تکمیل کیلئے وزراء کی ٹیم کا آج دورہ

   

کے ٹی آر اور دیگر وزراء شامل رہیں گے، ترقیاتی ایکشن پلان کی تیاری
حیدرآباد۔/13 نومبر، ( سیاست نیوز) منوگوڑ ضمنی چناؤ میں کامیابی کے بعد حکومت نے عوام سے وعدوں کی تکمیل پر توجہ مرکوز کی ہے۔ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے منوگوڑ کی جامع ترقی کے ایکشن پلان کی تیاری اور ہنگامی طور پر حل طلب مسائل کی یکسوئی کیلئے وزراء کو دورہ کی ہدایت دی۔ وزیر آئی ٹی کے ٹی راماراؤ وزراء کی ٹیم کے ساتھ 14 نومبر کو منوگوڑ کا دورہ کرینگے۔ وزیر فینانس ہریش راؤ، وزیر برقی جگدیش ریڈی، وزیر عمارات و شوارع پرشانت ریڈی ، وزیر پنچایت راج ای دیاکر راؤ، وزیر بہبودی خواتین و اطفال ستیہ وتی راتھوڑ اور وزیر بہبودی ایس سی طبقات کے ایشور شامل رہینگے۔ ابتداء میں 11 نومبر کو دورہ کا منصوبہ بنایا گیا تھا لیکن اسے 14 نومبر میں تبدیل کیا گیا ۔ کے ٹی آر و ساتھی وزراء دن بھر عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کریں گے اور قلیل اور طویل مدتی ترقیاتی منصوبہ کو قطعیت دی جائے گی۔ ٹی آر ایس نے عوام سے ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات پر کئی وعدے کئے تھے۔ وزراء کی ٹیم اس سلسلہ میں درکار بجٹ کا جائزہ لے گی۔ ٹریپل آئی ٹی کے قیام کا اعلان کیا جائے گا۔ کے ٹی آر نے منوگوڑ میں انتخابی مہم میں ترقیاتی کاموں کیلئے اس حلقہ کو اڈاپ کرنے کا وعدہ کیا تھا اور حکومت کی باقی 14 ماہ کی میعاد میں اہم کاموں کی تکمیل کا وعدہ کیاتھا ۔ر