بی جے پی قائد کی کار سے ایک کروڑ روپئے نقد رقم ضبط ، گھر کے کرایوں میں زبردست اضافہ
حیدرآ باد ۔ 17اکٹوبر ( سیاست نیوز) منوگوڑ ضمنی انتخاب میں جملہ 47 امیدوار انتخابی میدان میں اپنی قسمت آزما رہے ہیں تاہم تینوں جماعتوں کانگریس ، ٹی آر ایس اور بی جے پی میں اصل سہ رخی مقابلہ ہے ۔ پرچہ نامزدگی سے دستبرداری کی آج آخری تاریخ تھی ۔ ضمنی انتخاب میں حصہ لینے جملہ 130 امیدواروں نے پرچہ نامزدگیاں داخل کی تھی جن میں 47 پرچہ نامزدگیوں کو مسترد کردیا گیا ، ماباقی 83 امیدواروں میں 36 امیدوارو ں نے اپنی نامزدگیوں سے دستبرداری اختیار کی ۔ انتخابی میدان میں اب جملہ 47 امیدوار باقی رہ گئے ہیں ۔ ریاستی وزیر ای دیاکر راؤ کی ترغیب پر 13 آزاد امیدواروں نے ٹی آر ایس کے حق میں دستبرداری اختیار کی اور ٹی آر ایس امیدوار کے پربھاکر ریڈی کو اپنی تائید کا اعلان کیا ہے ۔ حلقہ منوگوڑ ضمنی انتخاب میں ٹی آر ایس امیدوار کے پربھاکر ریڈی کانگریس کی امیدوارہ پالوایئے شراونتی اور بی جے پی کے کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی کے درمیان سہ رخی مقابلہ ہے ۔ تینوں جماعتوں نے اپنی انتخابی مہم میں شدت پیدا کردی ہے ۔ تینوں جماعتیں ولیج سطح پر اہم قائدین کو انچارج بنایا جس سے منوگوڑ میں مقابلہ تینوں جماعتوں کیلئے وقار کا مسئلہ بن گیا ۔ تینوں جماعتیں ایک طرف اپنے قائدین کا تحفظ کرکے راتوں رات دوسری جماعتوں کے قائدین کو اپنی پارٹی میں شامل کرنے بڑے پیمانے پرسودے بازی کررہی ہیں اور بھاری آفرس دے کر انہیں پارٹیوں میں شامل کیا جارہا ہے ۔ ضمنی انتخاب کے پیش نظر سیاسی سرگرمیاں عروج پر پہنچ جانے کے بعد پولیس نے بھی گاڑیوں کی تلاشی مہم میں تیزی پیدا کردی ہے ۔ ضمنی انتخاب کیلئے کار میں منتقل کئے جانے والے ایک کروڑ روپئے نقد رقم کو پولیس نے ضبط کرلیا ۔ منوگوڑ منڈل چیلمڈا چیک پوسٹ پر پولیس کی جانب سے گاڑیوں کی تلاشی لی جارہی تھی ۔ کریم نگر کی بی جے پی کونسلر کے شوہر کی کار سے ایک کروڑ روپئے منتقل ہونے کی پولیس نے نشاندہی کی ۔ ایک کیس درج کرکے پولیس نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔ جیسے جیسے انتخابی مہم عروج پر پہنچ رہی ہے قائدین ایک دوسرے کو شخصی تنقید کا نشانہ بناکر ووٹرس کو لبھانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ منوگوڑ میں سیاسی قائدین اور کارکنوں کے پہنچنے سے گھر کے کرایوں میں اضافہ ہوگیا ہے اور ہوٹلوں کے کاروبار بھی بڑھ گیا ہے ۔ ن