منوگوڑ میں وعدوں کی تکمیل کیلئے ریاستی وزراء کا آج دورہ

   

حیدرآباد ۔10 ۔ نومبر (سیاست نیوز) ضلع نلگنڈہ کے منوگوڑ اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ میں کامیابی کے بعد ٹی آر ایس نے عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل پر توجہ مرکوز کی ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر کی ہدایت پر وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راو کی قیادت میں 6 وزراء سینئر عہدیداروں کے ساتھ 11 نومبر کو منوگوڑ کا دورہ کریں گے ۔ ایک دن کے اس دورہ میں جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے حلقہ میں مختلف ترقیاتی کاموں کو منظوری دی جائے گی۔ انتخابی مہم کے دوران ٹی آر ایس نے عوام سے کئی وعدے کئے تھے ۔ خود چیف منسٹر کے سی آر نے منوگوڑ کی حالت تبدیل کرنے کا تیقن دیا تھا۔ منوگوڑ کے چنڈور منڈل میں منعقد ہونے والے جائزہ اجلاس میں کے ٹی آر کے ہمراہ ہریش راؤ ،جگدیش ریڈی ، ستیاوتی راتھوڑ ، دیاکر راؤ اور پرشانت ریڈی شریک ہوں گے۔ کے ٹی راما راؤ نے ٹی آر ایس کی کامیابی کی صورت میں منوگوڑ حلقہ کو ترقی کے لئے اختیار کرنے کا وعدہ کیا تا ۔ پارٹی ذرائع کے مطابق چیف منسٹر نے ریاستی وزراء کو ترقیاتی سرگرمیوں کے بارے میں ایکشن پلان حوالے کیا ہے۔ر