بی آر ایس کی کامیابیوں کا سلسلہ ملک بھر میں جاری رہے گا : محمد مسیح اللہ خاں
حیدرآباد۔ 8۔نومبر۔(سیاست نیوز) تلنگانہ میں بھارتیہ راشٹر سمیتی نے اپنی پہلی کامیابی درج کرواتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی کی سازشوں کو ناکام کیا ہے اور اب یہ کامیابی کا سفر پورے ملک میں جاری رہے گا۔صدرنشین تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ جناب محمد مسیح اللہ خان نے منگوڈو ضمنی انتخابات میں تلنگانہ راشٹرسمیتی امیدوار کی کامیابی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے عوام نے ہندستان کے عوام کو یہ پیغام دیا ہے کہ نریندر مودی کا مقابلہ صرف کے چندر شیکھر راؤ ہی کرسکتے ہیں۔انہوں نے منگوڈو ضمنی انتخابات میں کامیابی پر ناگپور میں واقع درگاہ حضرت بابا تاج الدین ؒپر تلنگانہ راشٹر سمیتی قائدین کے ہمراہ حاضری دیتے ہوئے چادر گل پیش کی اور بھارتیہ راشٹر سمیتی کی کامیابی کے لئے دعاء کی ۔جناب محمد مسیح اللہ خان نے کہا کہ بی آر ایس کے قیام کے اعلان اور اقدامات کے بعد منعقد ہونے والے پہلے انتخابات میں بی جے پی کو شکست دیتے ہوئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اپنی کامیاب سیاسی حکمت عملی اور دوراندیشی کا ثبوت دیا ہے۔انہو ںنے بتایا کہ حلقہ اسمبلی منگوڈو سے تلنگانہ راشٹر سمیتی امیدوار کی کامیابی اور اس حلقہ اسمبلی میں بھارتیہ جنتا پارٹی کو حاصل ہونے والی شکست کا قومی سطح پر چرچہ ہورہا ہے جو کہ بی جے پی کے لئے خفت کا باعث ہے۔صدرنشین وقف بورڈ نے کہا کہ عوام نے نفرت کی سیاست کو مسترد کرتے ہوئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی حوصلہ افزائی کی ہے ۔انہوں نے بارگاہ حضرت بابا تاج الدینؒ میں حاضری اور بی آر ایس کی کامیابی کے ساتھ ملک بھر میں امن و خوشحالی کے لئے دعاء کی ۔اس موقع پر ان کے ہمراہ تلنگانہ راشٹر سمیتی قائدین جناب بدرالدین کے علاوہ جناب اطہر اور دیگر موجود تھے۔م