الیکشن کمیشن کے مراحل میں تاخیر کا امکان، آج اعلامیہ کی اجرائی
حیدرآباد ۔6 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کی بی آر ایس میں تبدیلی کے فیصلہ کے بعد منوگوڑ اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ میں پارٹی کے نام پر الجھن پیدا ہوچکی ہے ۔ انتخابی مہم میں مصروف پارٹی قائدین نے اس بارے میں اعلیٰ قیادت سے وضاحت طلب کی کہ کس نام سے مہم چلائی جائے۔ الیکشن کمیشن سے نام کی منظوری کے لئے وقت درکار ہوگا ، لہذا امکان ہے کہ ضمنی چناؤ میں ٹی آر ایس کے نام پر الیکشن میں حصہ لیا جائے گا ۔ اسی دوران نائب صدرنشین تلنگانہ پلاننگ بورڈ بی ونود کمار نے کہا کہ اگر ضمنی چناؤ کے اعلامیہ کی اجرائی تک الیکشن کمیشن نام تبدیل کرتا ہے تو بی آر ایس کے نام پر الیکشن لڑا جائے گا ، بصورت دیگر موجودہ نام ٹی آر ایس کے نام سے الیکشن میں حصہ لیں گے۔ الیکشن کمیشن نے منوگوڑ ضمنی چناؤ کے لئے شیڈول پہلے ہی جاری کردیا ہے اور کل 7 اکتوبر کو نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا ۔ پرچہ نامزدگی کے ادخال کی آخری تاریخ 14 اکتوبر ہوگی جبکہ 15 اکتوبر کو پرچہ جات کی جانچ کی جائے گی۔ 17 اکتوبر تک نام واپس لئے جاسکتے ہیں اور 3 نومبر کو رائے دہی ہوگی جبکہ نتیجہ کا اعلان 6 نومبر کو ہوگا۔ الیکشن کمیشن کے مراحل میں تاخیر کے سبب منوگوڑ میں ٹی آر ایس کے نام پر الیکشن لڑنا یقینی ہے۔ ر