منوگوڑ میں ٹی آر ایس کے نام پر مقابلہ کیا جائے گا

   


قومی پارٹی کی منظوری کیلئے ایک ماہ درکار، علاقائی پارٹی کی حیثیت سے آخری الیکشن
حیدرآباد۔/4 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) منوگوڑ ضمنی چناؤ میں تلنگانہ راشٹرا سمیتی مقابلہ کرے گی اور قومی سیاسی پارٹی کی الیکشن کمیشن سے منظوری کیلئے وقت لگ سکتا ہے۔ کے سی آر کی جانب سے قومی سیاست میں حصہ لینے کے اعلان کے ساتھ ہی پارٹی قائدین اُلجھن کا شکار تھے کہ منوگوڑ کے ضمنی چناؤ میں علاقائی پارٹی ٹی آر ایس کی حیثیت سے مقابلہ کیا جائے گا یا پھر قومی پارٹی بی آر ایس میدان میں رہے گی۔ اس مسئلہ پر کے سی آر نے قائدین سے وضاحت کی ہے کہ ضمنی چناؤ میں ٹی آر ایس مقابلہ کرے گی۔ 5 اکٹوبر کو پارٹی کے توسیعی اجلاس میں قومی پارٹی کی حیثیت سے منظوری کیلئے الیکشن کمیشن سے درخواست کرتے ہوئے قرارداد منظور کی جائے گی۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے قومی پارٹی کی حیثیت سے منظوری کا عمل مکمل ہونے کیلئے چند ہفتے درکار ہیں ایسے میں منوگوڑ ضمنی چناؤ مکمل ہوجائے گا۔ الیکشن کمیشن 7 اکٹوبر کو اعلامیہ جاری کرے گی اور 14 اکٹوبر تک پرچہ جات نامزدگی کے ادخال کی مہلت ہے۔ الیکشن کمیشن کے قواعد کے مطابق کسی بھی پارٹی کو اپنا نام رجسٹرڈ کروانے کیلئے قرارداد کی منظوری کے 30 دن میں درخواست پیش کرنی ہوگی۔ دو قومی اور دو مقامی اخبارات میں اس بارے میں دو دن تک اشتہار جاری کرتے ہوئے اندرون 30 یوم اعتراضات طلب کئے جائیں گے۔ اعتراضات کی مدت گذرنے کے بعد ہی الیکشن کمیشن پارٹی کو رجسٹرڈ کرنے کا فیصلہ کرے گا۔ جاریہ سال جنوری میں الیکشن کمیشن نے 5 ریاستوں میں جہاں انتخابات کا مرحلہ تھا اعتراضات کی مدت کو گھٹا کر 30 سے 7 دن کردیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ الیکشن کمیشن کی منظوری کیلئے ٹی آر ایس کو ایک ماہ تک انتظار کرنا پڑے گا۔ نومبر کے پہلے ہفتہ میں نئے نام کی منظوری حاصل ہوسکتی ہے اس وقت تک منوگوڑ ضمنی چناؤ کا نتیجہ نکل آئے گا۔ الیکشن شیڈول کے مطابق 6 نومبر کو انتخابی نتیجہ کا اعلان کیا جائے گا جبکہ رائے دہی 3 نومبر کو ہوگی۔ تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے نام پر منوگوڑ ضمنی چناؤ علاقائی پارٹی کا آخری الیکشن رہے گا۔ر