ایک ہفتہ تک کانگریس قائدین کے عوام کے درمیان رہنے کا اعلان
حیدرآباد۔/25 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے آج منوگوڑ ضمنی چناؤ کے سلسلہ میں اسٹیشن نارائن پور منڈل کے مختلف دیہاتوں میں کانگریس کی انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ پارٹی امیدوار پی شراونتی اور دیگر قائدین کے ہمراہ ریونت ریڈی نے مختلف دیہاتوں میں روڈ شو کرتے ہوئے عوام سے خطاب کیا۔ ریونت ریڈی نے خطاب میں کہا کہ تلنگانہ کے لمباڑہ طبقہ کو ایس ٹی زمرہ میں شامل کرنے کیلئے آنجہانی جئے پال ریڈی نے مساعی کی تھی۔ آنجہانی اندرا گاندھی نے لمباڑہ طبقہ کی پسماندگی کو دیکھتے ہوئے انہیں درج فہرست قبائیل کے زمرہ میں شامل کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس دور حکومت میں گریجن طبقہ کو قانون ساز اداروں میں داخلہ کا موقع فراہم کیا گیا۔ ہزاروں ایکر اراضی کانگریس دورحکومت میں تقسیم کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کے چیف منسٹر بننے کے بعد قبائیل کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے۔ گریجن طبقہ کی اراضی کو چھین کر فلم انڈسٹری کے حوالے کیا جارہا ہے۔ قبائیل کے حقوق کے تحفظ کیلئے کانگریس پارٹی جدوجہد کرے گی۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس اور بی جے پی بھاری رقومات کے عوض ووٹ خریدنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنی اراضیات کے تحفظ کیلئے قبائیل کو چوکس رہنا چاہیئے۔ کانگریس کو کمزور کرنے کیلئے سازش کی جارہی ہے۔ آئندہ ایک ہفتہ تک تمام کانگریس قائدین منوگوڑ میں عوام کے درمیان رہیں گے۔ر