منوگوڑ کے مسلمانوں کی ہمہ جہتی ترقی صرف ٹی آر ایس سے ممکن

   


چوٹ اپل میں انتخابی مہم ، وزیر داخلہ محمد محمود علی کا خطاب
حیدرآباد ۔31 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے منوگوڑ کے رائے دہندوں کو یقین دلایا کہ ضمنی چناؤ کے بعد علاقہ میں ترقی کے ادھورے کام مکمل کئے جائیں گے اور حکومت نئے پراجکٹس کو منظوری دے گی۔ وزیر داخلہ نے آج چوٹ اپل منڈل کے مختلف علاقوں میں ٹی آر ایس کی انتخابی مہم میں حصہ لیا اور سنگ تراشوں اور اقلیتی طبقہ کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس اور بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اور تلگو دیشم دور حکومت میں مسلمانوں اور دیگر طبقات کی ترقی کو نظر انداز کردیا گیا ۔ آزادی کے بعد سے مسلمان ترقی کے بجائے مزید پسماندہ ہورہے ہیں۔ مسلمانوں کی معاشی صورتحال انتہائی ابتر ہوچکی ہے۔ منوگوڑ کے مسلمان اور سنگ تراش طبقہ ٹی آر ایس کے ساتھ ہے اور انتخابی نتیجہ کے بعد ترقیاتی کاموں کا آغاز ہوگا۔ ٹی آر ایس کی کامیابی کو یقینی قرار دیتے ہوئے محمود علی نے کہا کہ عوام نے راج گوپال ریڈی پر بھروسہ کیا تھا لیکن انہوں نے عوام کو دھوکہ دیا۔ محمود علی نے کہا کہ راج گوپال ریڈی کو صرف اپنے ذاتی مفادات کی فکر ہے اور مرکزی حکومت سے کنٹراکٹ حاصل کرنے کیلئے انہوں نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی۔ ٹی آر ایس وہ واحد پارٹی ہے جو تلنگانہ کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود میں سنجیدہ ہے۔ کے سی آر کی قیادت میں گزشتہ 8 برسوں میں ریاست نے غیر معمولی ترقی کی ۔ حکومت نے تمام مذاہب کے لئے ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات کا آغاز کیا۔ منوگوڑ میں مسلم سنگ تراشوں کی کثیر تعداد ہے اور انہوں نے ٹی آر ایس کی تائید کا فیصلہ کیا ہے ۔ نتیجہ کے بعد کامیابی حاصل کرنے والے امیدوار پربھاکر ریڈی کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے مسلمانوں اور بالخصوص سنگ تراشوں کے مسائل کا حل تلاش کیا جائے گا ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ وہ خود بھی وقفہ وقفہ سے منوگوڑ کا دورہ کریں گے۔ ٹی آر ایس کے یوتھ لیڈر محمد فرقان احمد نے کہا کہ آنے والی نسلوں کو بہتر زندگی فراہم کرنے کیلئے فرقہ پرست طاقتوں کا مقابلہ ضروری ہے۔ رکن اسمبلی بی سبھاش ریڈی کے علاوہ اقلیتی قائدین بدر الدین ، سید منیر الدین اور دوسرے انتخابی مہم میں شریک تھے۔ ر