منچریال میں سرکاری دواخانہ کا ڈپٹی چیف منسٹر کے ہاتھوں افتتاح

   

منچریال ۔ 13جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ بھٹنی وکرامارکا نے آج اپنے ساتھ مزید 3 ریاستی وزراء ڈی سریدھر بابو، کرشنا راؤ اور دامود دھر راج نرسمہا کے ساتھ صبح 11 بجے حیدرآباد سے ذریعہ کار ضلع منچریال کے ڈنڈے پلی منڈل پہنچے۔ جہاں پر رکن اسمبلی منچریال کے پریم ساگر راؤ، ضلع کلکٹر منچریال کمار دیپک، اعلیٰ سرکاری و پولیس عہدیداروں نے پرتپاک استقبال کیا۔ لکشٹی پیٹھ منڈل ہیڈکوارٹر میں نوتعمیر شدہ سرکاری ہاسپٹل کا افتتاح انجام دیا۔ بعدازاں نائب وزیراعلیٰ نے اپنے وزراء کے ساتھ مل کر سرکاری عہدیداروں و دیگر عوامی نمائندوں غیرسرکاری عہدیداروں کے اجلاس کو مخاطب کیا۔ گورنمنٹ اسکول و گورنمنٹ جونیر کالج کا معائنہ کرنے کے بعد طعام میں شرکت کی۔ دوپہر 2 بجے انہوں نے ڈنڈے پلی منڈل کے گاؤں ریبن پلی میں اندرا مہیلا شکتی سولار پراجیکٹ (پائلٹ پراجیکٹ) سنگ بنیاد کی رسم انجام دی۔ بعد میں جلسہ عام سے نائب وزیر اعلیٰ کے علاوہ دیگر وزراء نے خطاب کیا۔ شام میں حاجی پور منڈل میں زیرتعمیر سرکاری میڈیکل کالج کا معائنہ کیا۔ ویمپلی میں صنعتی پارک کے کاموں کا افتتاح انجام دیا۔ آخر میں منچریال میں زیرتعمیر سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل کے علاوہ ماں بچہ ہاسپٹل کے کاموں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر ضلع نظم و نسق نے سکیورٹی و دیگر انتظامیہ اُمور کا موثر بندوبست کیا تھا۔