منڈی کی سطح کو اونچا کرنا ، ڈرینیج و آبرسانی کی لائینوں کو تبدیل کرنا ضروری
حیدرآباد۔6۔فروری(سیاست نیوز) منڈی میر عالم کو خوبصورت بناتے ہوئے اس کی عظمت رفتہ کو بحال کرنے کے اقدامات کے سلسلہ میںمجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے منصوبہ کا اعلان کیا گیا تھا اور محکمہ بلدی نظم ونسق نے پرانے شہر کی قدیم منڈی کے ترقیاتی کاموں کو قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے ذریعہ مکمل کروانے کی حکمت عملی تیار کی تھی اس کے باوجود اب تک اس سلسلہ میں کوئی پیشرفت نہیں ہوئی بلکہ مختلف محکمہ جات کی جانب سے عدم پیشرفت کے لئے ایک دوسرے کو ذمہ دار قرار دیا جا رہاہے ۔ قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے عہدیدارو ںنے بتایا کہ اس سلسلہ میں محکمہ بلدی نظم و نسق کی جانب سے تیار کئے گئے منصوبہ کے مطابق منڈی کی موجودہ سطح کو اونچا کرنا انتہائی اہم ہے اور اس کام کے آغاز سے قبل ضروری ہے کہ منڈی میر عالم کے علاقوں سے گذرنے والی ڈرینیج اور آبرسانی کی لائنس کی تبدیلی عمل میں لائی جائے اور اس کے بعد ہی منڈی میر عالم میں موجود تاجرین کے چبوتروں کی سطح پر اراضی کو اونچا کرنے کے اقدامات کئے جاسکتے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ محکمہ آبرسانی اور سیوریج کی جانب سے یہ واضح کیا گیا ہے کہ جب تک اس مقصد کے لئے اضافی بجٹ حاصل نہیں ہوجاتا اس وقت تک وہ پائپ لائن کی تبدیلی اور تنصیب کے عمل کو شروع نہیں کرپائیں گے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں نے بتایا کہ منڈی میر عالم کے دونوں جانب موجود سڑک یعنی منڈی میر عالم سے دارالشفاء جانے والی سڑک کے علاوہ پتھر گٹی دونوں ہی جانب سڑکوں کی تعمیر کے سبب منڈلی میر عالم کی سطح نیچے ہوتی چلی گئی ہے جس کے سبب بارش کے موسم میں نہ صرف گاہکوں بلکہ تاجرین کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور اونچائی میں اضافہ کے لئے ضروری ہے کہ منڈی کے اندرونی حصہ کو اونچا کرنے کے بعد پلیٹ فارم تعمیر کئے جائیں۔ عہدیدارو ںنے بتایا کہ پرنسپل سیکریٹری محکمہ بلدی نظم ونسق مسٹر اروند کمار نے اپنے دورۂ منڈی میر عالم کے دوران عہدیداروں کو ہدایات جاری کرنے کے بعد کی گئی مشاورت کے دوران اس بات کا اشارہ دیا تھا کہ ان کاموں کی تکمیل قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی نگرانی میں عمل میں لائی جائے گی لیکن اس سلسلہ میں تاحال کوئی ہدایات جاری نہ کئے جانے کے سبب محکمہ جاتی اساس پر کسی بھی طرح کی کوئی سرگرمیاں شروع نہیں کی جاسکی ہیں جس کے نتیجہ میں ترقیاتی کاموں کے متعلق فوری طور پر کچھ بھی کہنا محال ہے۔م