منگوڑ میں بی جے پی کی شکست یقینی

   


تلنگانہ میں گنگا جمنی تہدیب کی برقراری کے لیے ٹی آر ایس کا سیکولر کردار : محمد فاروق حسین
حیدرآباد۔29۔اکٹوبر(سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹر سمیتی منگوڈو ضمنی انتخابات میں بی جے پی کی شکست کو یقینی بنائے گی اورملک سے فرقہ واریت کے خاتمہ کے نئے دور کا آغاز اورتلنگانہ میں گنگاجمنی تہذیب کی برقراری کو یقینی بنانے میں عوام کی دلچسپی اور تلنگانہ راشٹر سمیتی کے سیکولر کردار کو ثابت کیا جائے گا۔ جناب محمد فاروق حسین رکن قانون ساز کونسل تلنگانہ راشٹر سمیتی نے آج منگوڈو ضمنی انتخابات کے سلسلہ میں جاری انتخابی مہم میں حصہ لیتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ منگوڈو کے عوام نے بھارتیہ جنتا پارٹی کو مسترد کردیا ہے اور تلنگانہ راشٹر سمیتی کی مستحکم حکمرانی سے عوام مطمئن ہیں۔ انہوں نے مری گوڑہ منڈل میں بعد نماز جمعہ مسلم خاندانوں سے ملاقات کے دوران ریاستی حکومت کی کارکردگی اور فلاحی اسکیمات کے متعلق عوام کو واقف کروایا جس پر مقامی عوام نے انہیں بتایا کہ وہ بیشتر اسکیمات سے مستفید ہورہے ہیں اور اسکیمات پر عمل آوری کے معاملہ میں وہ ٹی آر ایس سے مطمئن ہیں۔ جناب محمد فاروق حسین نے بتایا کہ منگوڈو میں انتخابی مہم کے دوران عوام کے مثبت ردعمل کو دیکھتے ہوئے یہ دعویٰ کیاجاسکتا ہے کہ منگوڈو میں تلنگانہ راشٹر سمیتی امیدوار کو زبردست کامیابی حاصل ہوگی۔ انہوں نے بی جے پی کے ہتھکنڈوں کو اخلاقی گراوٹ سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی تلنگانہ میں جو کوششیں کررہی ہے اس میں اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ رکن قانون ساز کونسل نے کہا کہ منگوڈو میں عوام نے ان کا ووٹ حاصل کرنے کے بعد مستعفی ہونے والے سابق رکن اسمبلی کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی کو معاف نہ کرنے کا اعلان کیا ہے کیونکہ سابق رکن اسمبلی منتخب ہونے کے بعد سے اپنے حلقہ کے عوام کے درمیان نہیں رہے اور نہ ہی انہوں نے حلقہ کی ترقی کے لئے کوئی اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے تلنگانہ کے تمام حلقہ جات اسمبلی میں منتخبہ نمائندوں کی نمائندگی کے مطابق ترقیاتی کاموں کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے ہیں لیکن منگوڈو کی ترقی کے سلسلہ میں رکن اسمبلی کو پرواہ نہ ہونے کے نتیجہ میں منگوڈو کی ترقی نہیں ہوپائی ہے۔ جناب محمد فاروق حسین نے رائے دہندوں سے اپیل کی کہ وہ منگوڈو میں تلنگانہ راشٹر سمیتی کے امیدوار کی کامیابی کے ذریعہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی فرقہ پرستی کو ناکام بنانے کا ملک بھر کو پیغام دیں تاکہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ بھارت راشٹر سمیتی کے ذریعہ ملک کے عوام کے درمیان منگوڈو کی مثال دے سکیں۔