منڈل دفاتر پر آج دھرنا، جمعرات کو ریونیو ڈیویژن پر مظاہرے
حیدرآباد 25 فروری (سیاست نیوز) مہاتما گاندھی قومی دیہی روزگار طمانیت اسکیم (منیریگا) میں خدمات انجام دینے والے فیلڈ اسیسٹنٹس یونین نے فیلڈ اسیسٹنٹس کے دیرینہ حل طلب مسائل کی یکسوئی بشمول سرکیولر نمبر 40 سے دستبرداری اختیار کرلینے کے مطالبہ پر ہڑتال شروع کرنے کی اپیل کی۔ اسوسی ایشن صدر ایم شیاملیا نے بتایا کہ فیلڈ اسیسٹنٹس کے دیرینہ حل طلب مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کے مطالبہ پر ہڑتال شروع کرنے سے متعلق ریاستی کمشنر دیہی ترقیات و پنچایت راج سے ملاقات کرکے باقاعدہ طور پر قبل ازوقت ہڑتال کی نوٹس حوالہ کی گئی۔ اُنھوں نے دی گئی نوٹس میں مکمل احتجاجی لائحہ عمل سے واقف کرواتے ہوئے 26 فروری کو تمام منڈل دفاتر کے روبرو، 28 فروری کو تمام ریونیو ڈیویژن دفاتر کے روبرو احتجاجی دھرنے منظم کئے جائیں گے۔ بعدازاں آئندہ ماہ 11 مارچ کو اندرا پارک کے پاس بڑے پیمانے پر دھرنا پروگرام منظم کیا جائے گا۔ شاملیا نے کہاکہ مہاتما گاندھی قومی دیہی روزگار طمانیت اسکیم میں خدمات انجام دینے والے فیلڈ اسیسٹنٹس کو ماہانہ کم از کم 21 ہزار روپئے تنخواہ فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا اور اس سلسلہ میں گزشتہ عرصہ کے دوران متعدد مرتبہ اعلیٰ عہدیداران محکمہ پنچایت راج و دیہی ترقیات سے نمائندگیاں کی جاچکی ہیں لیکن نہ ہی عہدیداروں کی جانب سے اور نہ ہی ریاستی حکومت کی جانب سے کوئی مثبت ردعمل حاصل نہیں ہوا ہے لہذا اسوسی ایشن نے دیرینہ حل طلب مسائل کی یکسوئی کے مطالبہ پر مرتب کردہ احتجاجی لائحہ عمل اور آئندہ ماہ 11 مارچ کو منظم کئے جانے والے مہا دھرنا پروگرام کے باوجود اگر حکومت کی جانب سے کوئی مثبت ردعمل حاصل نہ ہونے کی صورت میں 12 مارچ سے حصول روزگار سے متعلق کاموں کو مکمل طور پر روک دینے اور بائیکاٹ کرکے غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔