منیش سسودیا کو ہراساں کررہی سی بی آئی، جھوٹے دستاویز پر دستخط چاہتی ہے، اے اے پی نے لگائے سنگین الزامات

   

نئی دہلی: عام آدمی پارٹی کے قومی ترجمان سوربھ بھاردواج نے اتوار کو دعوی کیا کہ سی بی آئی کے ذریعہ پارٹی کے سینئر لیڈر منیش سسودیا کو ہراساں کیا جارہا ہے ۔ ان پر جھوٹے الزامات والے کاغذات پر دستخط کرنے کا دباو بنایا جارہا ہے ۔ سی بی آئی نے سسودیا کو دہلی ایکسائز پالیسی معاملہ میں جانچ میں مبینہ طور پر تعاون نہیں کرنے اور تفتیشی اہلکاروں کے سوالات سے بچنے کے الزامات میں 26 فروری کو گرفتار کیا تھا ۔ ایک خصوصی سی بی آئی عدالت نے ہفتہ کو سسودیا کی حراست چھ مارچ تک بڑھا دی تھی ۔منیش سسودیا نے گزشتہ 28 فروری کو اروند کیجریوال کی قیادت والی کابینہ سے استعفی دیدیا تھا۔ افسران کے مطابق ایجنسی سسودیا کی حراست کا استعمال ایکسائز پالیسی پر خصوصی کمیٹی کی سفارشات پر قانونی رائے والی اہم لاپتہ فائل کا پتہ لگانے کیلئے کرنا چاہتی ہے، جس کا ابھی تک پتہ نہیں لگایا جاسکا ہے ۔