حیدرآباد ۔5 اگست (سیاست نیوز) بی آر ایس ایم ایل سی کے کویتا نے کہا کہ منی پور کے تشدد کو کنٹرول کرنے میں مرکزی حکومت ناکام ہوگئی ہے۔ تلنگانہ کونسل میں قبائلی بہبود کے مباحث میں حصہ لیتے ہوئے کویتا نے کہا کہ منی پور میں قبائلوں کے دو گروپس کو آپس میں لڑاتے ہوئے تماشہ دیکھنے کا مرکزی حکومت پر الزام عائد کیا۔ بی جے پی تقسیم کرو اور راج کرو کی پالیسی پر عمل کرکے صرف سیاسی فائدے کیلئے عوام کی زندگیوں سے کھلواڑ کررہی ہے۔ انگریزوں کی جانب سے شروع کردہ پالیسی پر بی جے پی عمل کررہی ہے۔ کویتا نے کہا کہ تلنگانہ حکومت قبائلی طبقہ کی فلاح و بہبود کے معاملے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کرتی۔ ان کی ترقی اور فلاح و بہبود پر خصوصی توجہ دے کر بڑے پیمانے پر فنڈز خرچ کررہی ہے۔ ایس ٹی تحفظات کو 10 فیصد تک توسیع دی گئی۔