منی پور میں پھر تشدد 9 افراد ہلاک

   

کئی علاقوں میں جھڑپوں کے بعد حالات کشیدہ
امپھال۔11؍اکتوبر( ایجنسیز)منی پور کے پہاڑی اضلاع میں تشدد تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ کامجونگ، کانگ پوکپی اور اْکھرول میں حالیہ واقعات کے دوران ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 9 ہو گئی ہے۔ حالات کے پیش نظر انتظامیہ اور سکیورٹی ایجنسیاں مسلسل نگرانی کر رہی ہیں جبکہ ریاستی حکومت نے لوگوں سے امن برقرار رکھنے میں تعاون کی اپیل کی ہے۔ بگڑتے حالات کے درمیان وزیر اعلیٰ وائی کھیم چند سنگھ نے شہریوں سے امن برقرار رکھنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی طرح کا تشدد اور بے قصور لوگوں کا قتل قابل قبول نہیں ہے۔ جمعہ اور ہفتہ کے دوران کئی علاقوں میںحملوں اور جھڑپوں کی اطلاعات سامنے آئیں جن میں متعدد افراد کی جان چلی گئی۔جمعہ کی رات پیش آنے والے ایک بڑے واقعے کے بعد تشدد میں مزید شدت آ گئی۔ ناگا اکثریتی ضلع کامجونگ کے کوکی اکثریتی گاؤں چساد میں نامعلوم حملہ آوروں نے پانچ بچوں کی ماں کو گولی مار کر قتل کر دیا۔ اس واقعے کے بعد کوکی اور ناگا مسلح گروپوں کے درمیان فائرنگ شروع ہو گئی جو ہفتہ کی صبح تک جاری رہی۔ اس جھڑپ میں 42 سالہ ایک شخص کی بھی موت ہو گئی۔ اس کے علاوہ 10 مکانات کو آگ لگا دی گئی۔