مواضعات کے عام مقامات پر کچرا ڈالنے پر سخت کارروائی

   

پلے پروگرام سے وزیر پنچایت راج و دیہی ترقیات دیاکر راؤ کا خطاب
حیدرآباد /30 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) ریاستی وزیر پنچایت راج و دیہی ترقیات مسٹر ای دیاکر راؤ نے کہا کہ سابق میں ہر کسی نے ان کا استعمال کرکے چھوڑ دیا ۔ لیکن چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے انہیں آشیرواد دیا ہے ۔ مسٹر دیاکر راؤ نے گذشتہ دن رکن اسمبلی جنگاؤں مسٹر ایم یادگیر ریڈی کی صدارت میں منعقدہ پلے پرگتی ( گاؤں کی ترقی ) کے دوسرے مرحلہ کے معلوماتی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ عرصہ کے دوران اسمبلی میں اس وقت کے چیف منسٹر مسٹر این کرن کمار ریڈی نے کہا تھا کہ اگر ریاست تلنگانہ کی تشکیل عمل میں آتی ہے تو تلنگانہ میں برقی سربراہ نہیں ہوگی ۔ لیکن آج مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے تلنگانہ حاصل کرکے تلنگانہ میں 24 گھنٹے برقی سربراہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے 13 ہزار کروڑ روپئے خرچ کرتے ہوئے کسانوں سے ریاست میں دھان کی خریدی عمل میں لانے کے اقدامات کئے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جن مقامات پر ڈمپنگ یارڈز قائم کئے گئے اور شمشان گھاٹوں کی تعمیر عمل میں لائی گئی ان مقامات کی پنچایتوں کیلئے 80 کروڑ روپئے جاری کئے گئے اور جن مقامات پر ٹائلیٹس ( بیت الخلاؤں ) کی تعمیر کئے جانے پر وہاں واجب الادا رقومات کو اندرون دس یوم ادا کرنے کا وزیر نے واضح تیقن دیا اور کہا کہ مواضعات میں عام مقامات پر کچرا وغیرہ ڈالنے والوں کے خلاف نوٹیس جاری کرکے سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دی اور ساتھ ہی ساتھ اپنے فرائض میں کوتاہی و مبینہ لاپرواہی برتنے والے سرپنچ اور سکریٹری گرام پنچایت کے اختیارات میں کمی کرنے کا اظہار کیا ۔