احمدآباد،18ستمبر(سیاست ڈاٹ کام) افریقہ کی سب سے بڑی موبائل فون بیچنے والی ہانگ کانگ کی کمپنی ٹرانشین ہولڈنگس نے آج کہا کہ یہ ہندوستان میں آئندہ دو سے تین سال میں تقریباً 100 ملین امریکی ڈالر یعنی 710 کروڑروپیے سے زیادہ کی سرمایہ کاری کرے گی۔ ٹرانشین انڈیا کے سی ای او اریجیت تلپاترا نے یہاں بتایا کہ ٹیکنو برانڈ کے اسمارٹ فون اور آئی ٹیل فیچر فون بنانے والی ان کی کمپنی 2017 میں ہندوستان آئی تھی اور اب تک یہ تقریباًٍ 30 ملین ڈالر یا 210 کروڑ روپیے سے زیادہ کی سرمایہ کاری یہاں کر چکی ہے ۔ اس کا نوئیڈا میں واحد انڈین مینوفیکچرنگ یونٹ ہے جس کی استعداد 15 لاکھ فیچر فون اور ساڑھے چھ لاکھ اسمارٹ فون کی ہے ۔ مسٹر تلپاترانے آج یہاں ٹیکنو سیریز کے جدید ترین فون ٹیکنو اسپارک 4 کے لانچ کے موقع پر بتایا کہ 100 ملین ڈالر کی اضافی سرمایہ کاری کا بڑا حصہ تحقیق و ترقی یعنی آر اینڈ ڈی اور نئی ایس ایم ٹی لائنس کو لگانے پر خرچ ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ ان کی کمپنی چین کے پانچ سب سے بڑے موبائل ساز میں سے ایک ہے لیکن وہ وہاں اپنے فون نہیں فروخت کرپاتی۔ ان کی کمپنی ہندوستان کے خصوصی طور پر نوجوانوں کو ٹارگیٹ کرتی ہے اور انھیں جدید ترین تکنیک اور فیچر والے فون نسبتاً کم قیمت پر مہیا کرواتی ہے ۔ یہ ہندوستان میں خصوصی طور پر آف لائن کاروبار کرتی ہے ۔