آروگیہ شری سے استفادہ کی سہولت، 8 برسوں بعد درخواستوں کی یکسوئی
حیدرآباد 12 مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے موجودہ راشن کارڈس میں تقریباً 17 لاکھ نئے ناموں کا اضافہ کیا ہے۔ فبروری اور مئی کے درمیان راشن کارڈ کے استفادہ کنندگان کی فہرست میں اضافہ کیا گیا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق جن نئے ناموں کا اضافہ کیا گیا وہ سابق میں آروگیہ شری اسکیم سے استفادہ کے اہل نہیں تھے۔ راشن کارڈ میں نام کی عدم شمولیت کے باعث وہ اسکیم سے استفادہ سے محروم رہے۔ تلنگانہ حکومت نے 2 قسم کے راشن کارڈ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایک وائٹ راشن کارڈ، دوسرا پنک راشن کارڈ لیکن اسکیم پر عمل آوری کا آغاز نہیں ہوا۔ کانگریس حکومت نے فبروری 2025 ء میں می سیوا مراکز کے ذریعہ راشن کارڈس کی درخواستوں کی وصولی کا آغاز کیا تھا جس کے تحت 1.51 لاکھ نئے راشن کارڈ جاری کئے گئے۔ نئے راشن کارڈ کے تحت درج ناموں کی تعداد 3.24 لاکھ بتائی جاتی ہے۔ اِسی طرح موجودہ راشن کارڈس میں 13.73 لاکھ ناموں کا اضافہ کیا گیا۔ موجودہ راشن کارڈ میں ناموں کی شمولیت کے لئے درخواستیں گزشتہ 8 برسوں سے زیرالتواء تھیں۔ اِس مدت میں 21 لاکھ درخواستیں داخل کی گئیں۔ حکام نے ناموں کے اضافہ کے بعد فبروری اور مئی کے درمیان نئے راشن کارڈ جاری کئے۔ 17 لاکھ نئے ناموں کی شمولیت کے نتیجہ میں ماہانہ 6952 ٹن فائن رائس کی اضافی سربراہی کرنی ہوگی۔1