چیف سکریٹری سے ریونت ریڈی کی نمائندگی
حیدرآباد۔/15 جون، ( سیاست نیوز) کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی آج سکریٹریٹ میں چیف سکریٹری ایس کے جوشی سے ملاقات کیلئے پہنچے۔ وہ نئے سکریٹریٹ کی تعمیر کیلئے موجودہ عمارتوں کو منہدم کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے یادداشت پیش کرنا چاہتے تھے۔ چیف سکریٹری کی عدم موجودگی کے سبب ریونت ریڈی نے ان کی پیشی میں یادداشت پیش کی۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ وہ چیف سکریٹری سے ملاقات کیلئے آئے تھے لیکن وہ دستیاب نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ نئے سکریٹریٹ کی تعمیر کیلئے موجودہ سکریٹریٹ کی عمارتوں کو منہدم کرنا مناسب نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکریٹریٹ میں کئی عمارتیں نئی ہیں اور انہیں منہدم کرنے میں نہ صرف وقت بلکہ کافی خرچ ہوگا۔ بہتر یہی ہے کہ موجودہ عمارتوں کو برقرار رکھتے ہوئے چیف منسٹر سکریٹریٹ سے اپنی کارکردگی کا آغاز کریں۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے پہلی میعاد کے پانچ برسوں میں موجودہ سکریٹریٹ کا استعمال نہیں کیا اور پرگتی بھون سے خدمات انجام دیتے رہے۔ انہوں نے جمخانہ کے بائسن پولوگراؤنڈ حوالے کرنے مرکز سے بارہا نمائندگی کی لیکن مرکز نے ڈیفنس کی اراضی حوالے کرنے سے انکار کردیا۔ گزشتہ دنوں چیف منسٹر نے موجودہ سکریٹریٹ کی عمارتوں کو منہدم کرتے ہوئے نئے کامپلکس کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے۔ بہت جلد تعمیری کاموں کیلئے سنگ بنیاد کی تقریب منعقد کی جائے گی۔
