مودی، پرنب سمیت دوسرے لیڈروں نے راجیوگاندھی کو خراج تحسین پیش کی

,

   

نئی دہلی۔21مئی (سیاست ڈاٹ کام) وزیر اعظم نریندر مودی، سابق صدر پرنب مکھرجی، متحدہ ترقی پسند اتحاد (یو پی اے ) کی صدر سونیا گاندھی اور کانگریس صدر راہل گاندھی نے سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کی 28 ویں برسی پر خراج عقیدت پیش کی ہے ۔مسٹر مودی نے منگل کو ٹویٹر پر آنجہانی گاندھی کو خراج عقیدت پیش کی۔ مسٹر مکھرجی، مسز گاندھی، مسٹر گاندھی، سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ اور کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے آنجہانی کی سمادھی ‘ویر بھومی ’ پر آج صبح جاکر خراج عقیدت پیش کی۔ملک کے چھٹے وزیر اعظم راجیو گاندھی کو 21 مئی 1991 کو تمل ناڈو کے شری پیرمبدور میں قتل کر دیا گیاتھا۔وہ 1984 میں اپنی والدہ اور وزیر اعظم اندرا گاندھی کے اپنے باڈی گارڈوں کے ہاتھوں قتل کر دیئے جانے کے بعد وزیر اعظم بنے ۔ انہوں نے محض 40 سال کی عمر میں ملک کے سب سے کم عمر وزیر اعظم کے طور پر عہدہ سنبھالا۔

ممتابنرجی کا راجیو گاندھی کو خراج عقیدت
مدھیامک امتحان، کامیاب امیدواروں کو مبارکباد
کلکتہ، 21مئی (سیاست ڈاٹ کام) وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کی28ویں برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ممتا بنرجی نے سماجی ویب سائٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ سابق وزیرا عظم راجیو گاندھی کی برسی پر ہم انہیں عقیدت واحترام کے ساتھ یاد کررہے ہیں۔راجیو گاندھی کے دور میں ممتا بنرجی یوتھ کانگریس کی لیڈر تھیں اور راجیو گاندھی نے ہی انہیں جادو پور لوک سبھا حلقے سے 1984میں ٹکٹ دیا تھا اور ممتا بنرجی نے حیرت انگیز طور پر سی پی ایم کے سینئر لیڈر سومناتھ چٹرجی کو شکست دی تھی۔21مئی1991کو راجیو گاندھی کو چنئی سے 40 کلو میٹر دور سری پرمبودور میں ایک انتخابی جلسے کے دوران بم دھماکہ میں اڑادیا گیا تھا۔وہ 40سال کی عمر وزیر اعظم بننے والے ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم تھے ۔ان کے یوم وفات کو دہشت گرد مخالف دن کے طور پر یاد کیا جاتا ہے ۔1991میں ہی حکومت ہند نے انہیں بھارت رتن ایوارڈ سے نوازا تھا۔وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے مدھیامک امتحان میں کامیاب امیدواروں کو مبارک باد پیش کی ہے ۔ممتا بنرجی نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ مدھیامک امتحان میں کامیاب ہونے والے تمام امیدواروں کو ہم مبارک باد پیش کرتے ہیں،ہم کامیاب امیدواروں کے والدین، اساتذہ کو بھی مبارک پیش کرتے ہیں اور بہتر و کامیا ب مستقبل کیلئے پیش گوئی کرتے ہیں۔
مدھیامک امتحان کے نتائج کا اعلان 21مئی 2019کو کیا گیا ہے ۔اس سال کامیابی کی شرح 86.01فیصد رہی اور محمد پور دیسوپورن ودیا پیٹھ کے سوگاتا دسا نے پہلی پوزیشن حاصل کی ہے ۔مدھیامک امتحان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی طالب علم نے 99فیصد نمبر حاصل کیا ہے ۔مدھیامک بورڈ کے صدر کلیان موئے گنگولی نے کہا کہ اس سال کامیابی بھی سب سے زیادہ رہی۔