مودی انتخابی تشہیر کے دوران ایک بھی کام کی بات نہیں کرتے: تیجسوی یادو

   

بڑے بزرگ گیان۔ دھیان اور کام کی باتیں کرتے ہیں لیکن 74سالہ وزیر اعظم ایسا نہیں کر رہے ہیں

پٹنہ :تیجسوی یادو نے کہا ہے کہ ہم نئی نسل کے لوگ نوکری، روزگار، تعلیم، علاج اور ترقی کی مثبت باتیں ہی کر رہے ہیں، وہیں دوسری طرف وزیر اعظم تفرقہ بازی، دشمنی اور نفرت کو فروغ دینے والی منفی باتیں کر رہے ہیں۔لوک سبھا انتخابات 2024 کے تحت منگل 7 مئی کو بہار کی پانچ لوک سبھا سیٹوں پر ووٹنگ ہونی ہے۔ مگر اس سے پہلے آر جے ڈی لیڈر اور بہار کے سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے وزیر اعظم نریندر مودی پر سخت تنقید کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ وزیراعظم مودی انتخابات کے دوران ایک بھی کام کی بات نہیں کر رہے ہیں۔آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ شیئر کی ہے، جس میں انہوں نے لکھا ہے کہ بچپن سے سنتے آئے ہیں کہ سماج کے بڑے بزرگ گیان۔ دھیان اور کام کی باتیں کرتے ہیں لیکن یہاں تو 74 سال کے وزیر اعظم بزرگ ہونے کے باوجود انتخابات کے دوران ایک بھی کام کی بات نہیں کر رہے ہیں۔تیجسوی یادو نے اپنی پوسٹ میں مزید کہا ہے کہ ہم نئی نسل کے لوگ نوکری، روزگار، تعلیم، علاج اور ترقی کی مثبت باتیں ہی کر رہے ہیں، وہیں دوسری طرف وزیر اعظم فرقہ پرستی، دشمنی اور نفرت کو فروغ دینے والی منفی باتیں مسلسل دہرا رہے ہیں۔ یہ ایک تجربہ کار، بزرگ اور وزیر اعظم کے عہدے پر فائز شخص کو زیب نہیں دیتا۔ انتخابات تو آتے جاتے رہیں گے لیکن اس سے سماج اور ملک کا جو نقصان ہوتا ہے اس کے ازالے میں کئی دہائیاں لگ جاتی ہیں۔آر جے ڈی لیڈر نے ’ایکس‘ پر ایک اور پوسٹ کرتے ہوئے بی جے پی حکومت پر ملازمتوں سے متعلق بھی سوال کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ کیا بہار میںہمیں ان سالوں میں اتنی ہی نوکریاں ملی ہیں جن کا وعدہ کیاگیا تھا؟ کیا وزیر اعلیٰ اور بی جے پی کے لوگوں نے یہ نہیں کہا کہ نوکریوں کے لیے بجٹ میں پیسہ کہاں سے آئے گا؟ کیا ایک لاکھ نوکریاں دینا ناممکن ہے؟ لیکن ہم نے اسے چند مہینوں میں کر لیا۔ اپنی اس پوسٹ کے ساتھ انہوں نے اخبارات کے تراشے میں شیئر کیے ہیں جن میں ان کے ذریعہ ملازمتیں دینے کی خبریں شائع ہوئی ہیں۔حالیہ عرصہ میںکانگریس کے انتخابی منشورکو لیکر غلط بیانی سے کام لینے اور جھوٹ بولنے کا وزیر اعظم نریندر مودی پر الزام عائد کیا جا تا رہا ہے ۔ اپوزیشن کے کئی قائدین اور جماعتوں نے وزیر اعظم کے خلاف الیکشن کمیشن سے شکایات بھی کی ہیں وہ بہت جھوٹ بول رہے ہیں اور عوام کو کانگریس کے منشور سے متعلق گمراہ کررہے ہیں ۔