نئی دہلی 11جولائی (یو این آئی) سپریم کورٹ وزیر اعظم نریندر مودی اور راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) پر مبینہ قابل اعتراض تبصروں کے ساتھ قابل اعتراض تصویر بنانے کے معاملے میں ملزم ہیمنت مالویہ کی عبوری ضمانت کی درخواست پر 14جولائی کو سماعت کرے گی۔جسٹس سدھانشو دھولیا اور جسٹس جوائے مالیا باگچی کی تعطیلاتی بنچ نے آج درخواست گزار کی جانب سے پیش ہونے والی ایڈوکیٹ ورندا گروور کے کیس کی جلد سماعت کی درخواست کو قبول کر لیا اور پیر کو کیس کو درج فہرست کرنے کی ہدایت دی۔اندور کے کارٹونسٹ ہیمنت نے مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کے 3 جولائی کے حکم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے راحت کی درخواست کی ہے ۔ہائی کورٹ کے جسٹس سبودھ ابھیانکر کی سنگل بنچ نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ ہیمنت نے اظہار رائے کی آزادی کا غلط استعمال کیا ہے ۔ انہیں متعلقہ تصویر بناتے وقت اپنی صوابدید کا استعمال کرنا چاہیے تھا۔ ہائی کورٹ نے ہیمنت کوتحویل میں لے کر پوچھ گچھ کا حکم دیا تھا۔ ہائی کورٹ سے راحت نہ ملنے کے بعد، ہیمنت نے عدالت عظمیٰ سے رجوع کیا اور عرضی داخل کرکے کہا کہ حراست میں پوچھ گچھ کی ضرورت لگ بھگ تعزیراتی لگتی ہے اور یہ ٹھوس تحقیقاتی تقاضوں یا مقصد پر مبنی نہیں ہے ۔