دونوں جھوٹ کی سیاست کرتے ہیں، ریزرویشن کا تحفظ صرف کانگریس سے ممکن
نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی اور عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کجریوال کو ایک ہی سکے کے دو رخ قرار دیتے ہوئے کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے آج کہا کہ دونوں جھوٹ بولتے ہیں اور جھوٹے وعدے کرکے لوگوں کو گمراہ کرتے ہیں۔یہاں بوانا میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے گاندھی نے کہا کہ مودی اور کجریوال کے کام کرنے کے انداز میں کوئی فرق نہیں ہے اور یہ دونوں عوام کو گمراہ کرکے سیاست کرتے ہیں۔ جس طرح مودی جھوٹے وعدے کرتے ہیں، اسی طرح کجریوال بھی ملک میں صاف ستھری سیاست کرنے کا وعدہ کرکے سیاست میں آئے تھے ، لیکن ان کی حکومت نے ملک میں سب سے بڑا شراب گھپلہ کیا ہے اور اس میں بدعنوانی کرکے بہت زیادہ لوٹ کی ہے انہوں نے کہا کہ کجریوال بالکل مودی کی طرح کام کرتے ہیں۔ جس طرح مودی جھوٹے بیانات دیتے ہیں، ہر جگہ جھوٹ بولتے ہیں، کجریوال بھی ایسا ہی کرتے ہیں۔ کجریوال نے پانچ سال پہلے کہا تھا کہ میں جمنا میں نہاوں گا، جمنا کا پانی پیوں گا لیکن آج تک انہوں نے یمنا کا پانی نہیں پیا۔ آپ سب کو گندا پانی پینا پڑتا ہے ، لیکن کجریوال شیش محل میں رہتے ہیں، صاف پانی پیتے ہیں اور جھوٹے بیانات دیتے ہیں۔کانگریس کے لیڈر نے کہا، ”میں کجریوال جی سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ کیا آپ ریزرویشن کو 50 فیصد سے زیادہ کرنا چاہتے ہیں یا نہیں۔ لیکن میں گارنٹی دیتا ہوں کجریوال جی یہ کبھی نہیں کہیں گے ، کیونکہ اروند کجریوال اور نریندر مودی ریزرویشن کے خلاف ہیں۔ کجریوال جی اس وقت کہاں تھے جب بی جے پی والوں نے اقلیتوں پر تشدد کیا؟ کیا کجریوال جی آپ کیلئے لڑے تھے یا آپ کے ساتھ کھڑے تھے ؟ سچ یہ ہے کہ کجریوال دلتوں، اقلیتوں اور غریبوں کے خلاف ہیں۔ یہ نظریات کی جنگ ہے ، جس میں کانگریس کہتی ہے کہ ہندوستان میں تمام لوگ برابر ہونے چاہئیں، ہر مذہب، ذات اور زبان کا احترام ہونا چاہیے ۔دہلی میں پانی کے مسئلہ کا ذکر کرتے ہوئے گاندھی نے کہا، ”دہلی میں پانی کا مسئلہ ہے ۔ لوگوں کو پینے کیلئے مہنگا پانی خریدنا پڑتا ہے لیکن میڈیا کبھی یہ نہیں دکھاتا۔ ہندستانی میڈیا عوام کی آواز نہیں اٹھاتا۔ آپ ٹی وی پر امبانی جی کی شادی دیکھیں گے لیکن کسانوں، مزدوروں اور بے روزگاروں کے مسائل نہیں دکھیں گے ۔ آپ کو 24 گھنٹے ٹی وی پر نریندر مودی کا چہرہ اور نفرت انگیز باتیں دیکھنے کو ملیں گی۔
کمبھ میں وی آئی پی کلچر کو روکنا ضروری : کھرگے ۔راہول
نامکمل انتظامات اور خود کی تشہیر پر زیادہ زور دینا حادثہ کی وجوہات ، مہلوکین کے اہلخانہ سے اظہارِتعزیت
نئی دہلی: کانگریس صدر ملکارجن کھرگے اور کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے مہا کمبھ میں بھگدڑ میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کے تئیں تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ اس طرح کے حالات پیدانہ ہوں اس کے لئے وی آئی پی کلچر کو روکنے کی سخت ضرورت ہے۔ کھرگے نے کہا کہ مہا کمبھ کے دوران تیرتھراج سنگم کے کنارے بھگدڑ سے کئی لوگوں کی جانیں گئی ہیں اور بہت سے لوگوں کے زخمی ہونے کی خبر انتہائی دل دہلا دینے والی ہے ۔ عقیدتمندوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہماری گہری تعزیت اور ہم زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نامکمل انتظامات، وی آئی پی موومنٹ، انتظامات سے زیادہ خودکی تشہیر پر توجہ دینا اور بد انتظامی اس کے لئے ذمہ دار ہے ۔ ہزاروں کروڑ روپے خرچ کرنے کے باوجود ایسا نظام ہونا قابل مذمت ہے ۔ ابھی کئی اہم شاہی اسنان باقی ہیں، اس لیے مرکزی اور ریاستی حکومتوں کو اب بیدار ہونا چاہیے اور انتظامات کو بہتر کرنا چاہیے تاکہ مستقبل میں ایسے ناخوشگوار واقعات رونما نہ ہوں۔ عقیدت مندوں کی رہائش، خوراک، ابتدائی طبی امداد اور نقل و حرکت کے انتظامات کو وسعت دی جائے اور وی آئی پی موومنٹ کو روکا جائے ۔ ہمارے سادھو سنت بھی یہی چاہتے ہیں۔بھگدڑ کے شکار لوگوں کی مدد کیلئے کھرگے نے کانگریس کارکنوں سے متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی درخواست کی ہے ۔راہول نے کہا کہ پریاگ راج مہاکمبھ میں بھگدڑ کی وجہ سے کئی لوگوں کے ہلاک اور کئی کے زخمی ہونے کی خبر انتہائی افسوسناک ہے ۔ میں سوگوار خاندانوں کے تئیں اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتا ہوں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی امید کرتا ہوں۔ بدانتظامی اورعام عقیدتمندوں کی جگہ وی آئی پی موومنٹ پر انتظامیہ کی خصوصی توجہ اس افسوس ناک واقعہ کیلئے ذمہ دار ہے ۔انہوں نے کہا کہ مہا کمبھ میں ابھی کافی وقت باقی ہے ، کئی اور مہا اسنان باقی ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ نظام کو بہتر کرے تاکہ آج جیسا افسوسناک واقعہ دوبارہ رونما نہ ہو۔ وی آئی پی کلچر کو روکا جائے اور حکومت عام عقیدت مندوں کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے بہتر انتظامات کرے ۔ میں کانگریس کارکنوں اور رہنماؤں سے متاثرہ خاندانوں کی مدد کرنے کی درخواست کرتا ہوں۔
راہول کا میڈیا پر غریبوں کے مسائل کو دبانے کا الزام
نئی دہلی: لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے میڈیا پر حملہ بولتے ہوئے کہا کہ وہ صرف بی جے پی اور آر ایس ایس کی بات دکھاتی ہے اور غریبوں کے مسائل کو دباتی ہے ۔ راہول نے چہارشنبہ کو کہا کہ میڈیا اپنی ذمہ داری نہیں نبھا رہا ہے اور غریبوں کے مسائل سے توجہ بھٹکانے کے ساتھ ہی امیروں کی ڈھال بن کر غریبوں کی آواز کو دبا رہی ہے ۔ راہول نے کہا کہ میڈیا صرف بی جے پی آر ایس ایس کے ’من کی بات‘ دکھاتی ہے اور مسائل سے توجہ بھٹکاتی ہے اور ارب پتیوں کی ڈھال بن کر غریبوں کی آواز کو دباتی ہے ۔انہوں نے کانگریس کو قوم کی آواز قرار دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی ہندوستان کے غریبوں، متوسط طبقے ، بہوجن، اقلیتوں اور پسماندہ لوگوں کی آواز ہے۔ یہ آپ کے خلاف بنائے گئے اس سسٹم سے لڑ کر آپ کے مسائل کو اٹھاتی رہے گی۔