نئی دہلی، 25 مئی (یو این آئی) کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈر اور وزیر پہلگام معاملے پر فوج اور شہیدوں کی توہین کر رہے ہیں لیکن وزیر اعظم نریندر مودی ان کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔کھرگے نے کہا کہ پہلگام کے متاثرین اور بہادر فوج کو بدنام کرنے کا بی جے پی لیڈروں میں مقابلہ چل رہا ہے ۔’’ بی جے پی کے راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ رام چندر جانگڑا کے شرمناک بیان نے ایک بار پھر آر ایس ایس-بی جے پی کی گھٹیا ذہنیت کو بے نقاب کردیا ہے ۔ مدھیہ پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ جگدیش دیوڑا نے ہماری بہادر فوج کی توہین کی لیکن مودی جی نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ مدھیہ پردیش کے وزیر وجے شاہ نے ہماری بہادر کرنل کے خلاف نازیبا رتبصرے کیے لیکن انہیں آج تک برطرف نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ جب پہلگام میں شہید بحریہ کے افسر کی اہلیہ کو سوشل میڈیا پر ٹرول کیا جا رہا تھا، تب بھی مودی جی خاموش تھے ، مودی جی، آپ کہتے ہیں کہ آپ کی رگوں میں سندور ہے ، اگر ایسا ہے تو آپ خواتین کی عزت کے لیے اپنے ان بدزبان لیڈروں کو برطرف کر نا چاہیے ۔کانگریس کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کے انچارج جے رام رمیش نے کہا کہ بی جے پی لیڈر مسلسل فوج اور شہیدوں کی توہین کررہے ہیں جس سے ان کی گھٹیا ذہنیت اجاگر ہوتی ہے ۔ راجیہ سبھا کے رکن اسمبلی رام چندر جانگڑا کے اس شرمناک بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ اقتدار کے نشے میں چور بی جے پی اتنی بے حس ہو چکی ہے کہ پہلگام دہشت گردانہ حملے میں شہید ہونے والے فوجیوں کی قربانی کے لیے حفاظتی غفلت کو مورد الزام ٹھہرانے کے بجائے بی جے پی کے ممبران اسمبلی شہیدوں اور ان کی بیویوں پر سوال اٹھا رہے ہیں۔ وجے شاہ اور دیوڑا جیسے لیڈروں کے خلاف آج تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی، اب یہ نیا بیان انتہائی قابل اعتراض ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم مودی اور بی جے پی قیادت کی خاموشی کو ان بیانات کی خاموش منظوری کیوں نہیں سمجھا جانا جائے ۔