مودی حکومت پر تنقید کرنے والے صحافی پھر نشانے پر

   

نیویارک : ایمنسٹی انٹرنیشنل اور واشنگٹن پوسٹ کی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق حکومت نے ایک اسرائیلی کمپنی کی طرف سے تیار کردہ پیگاسس اسپائی وئیر کے ذریعہ پھر سے ہائی پروفائل صحافیوں کو نشانہ بنایا ہے۔ انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل اور امریکی اخبار دی واشنگٹن پوسٹ کی جانب سے شائع ہونے والی ایک مشترکہ تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بھارت میں مودی حکومت نے پیگاسس اسپائی ویئر کے ذریعہ ایک بار پھر ہائی پروفائل صحافیوں کو نشانہ بنایا ہے۔ اسرائیلی کمپنی این ایس او گروپ کی جانب سے تیار کردہ پیگاسس سافٹ وئیرموبائل فون میں موجود میسجز، ای میلز اور تصاویر تک رسائی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ فون کالوں کو سننے اور لوکیشن ٹریک کرنے کی صلاحیت رکھنے اور یہاں تک کے موبائل فون کے مالک کی فلم بنانے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اسپائی ویئر کے وسیع پیمانے پر استعمال کو دستاویزی شکل دی ہے۔ یہ ٹیکنالوجی عام طور پر صرف حکومتوں یا سیکوریٹی ایجنسیوں کو فروخت کی جاتی ہے۔ تاہم بھارت سمیت درجنوں دیگر ممالک میں اس ٹیکنالوجی کا استعمال صحافیوں اور انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے کارکنوں کے خلاف ہو رہا ہے۔