انیل امبانی کو فائدہ پہونچانے ایچ ایل اے کو کمزور کیا جارہا ہے ، راہول گاندھی کا ادعا
نئی دہلی ۔ 7 جنوری۔(سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے رافیل معاملت پر مودی حکومت کو تازہ ترین حملوں کانشانہ بناتے ہوئے آج الزام عائد کیاکہ وہ ( حکومت ) بزنس مین انیل امبانی کو فائدہ پہونچانے وہ ہندوستانی حکمت عملی کی صلاحیتوں کو تباہ کررہی ہے اور عوامی شعبہ کے ادارہ ایچ اے ایل کو کمزور کررہی ہے ۔ انھوں نے الزام عائد کیاکہ وہ ( حکومت ) فرانسیس ہوابازی ادارہ دیسسالٹ کو 20,000 کروڑ روپئے ادا کرچکی ہے لیکن رافیل لڑاکا جٹ بنانے والی اس کمپنی نے تاحال ایک طیارہ بھی سربراہ نہیں کیا۔ راہول نے سوال کیا کہ لیکن ایچ اے ایل کو ادا طلب 15,700 کروڑ روپئے کے بقایا جات آخر کیوں ادا نہیں کئے گئے ۔ راہول گاندھی نے جو پارلیمنٹ کے باہر اخباری نمائندوں سے بات کررہے تھے کہا کہ ’’حکومت کی حکمت عملی یہی ہے کہ ایچ اے ایل کو کمزور کیا جائے ۔ اس کو رقومات فراہم نہ کی جائے ۔ ہندوستان کی حکمت عملی کی صلاحیتوں کو تباہ کردیا جائے اور انیل امبانی کو تحفہ دیا جائے ‘‘ ۔ حکومت اور امبانی پہلے ہی راہول گاندھی کے ان الزامات کو مسترد کرچکے ہیں ۔ راہول نے ادعاء کیاکہ کانگریس ہی ہندوستان ایروناٹکس لمیٹیڈ ( ایچ اے ایل) کا تحفظ کریگی اور الزام عائد کیا کہ عوام کے 30,000 کروڑ روپیوں کو انیل امبانی کے جیب میں جانے نہیں دیں گے کہ وہ وزیرارعظم نریندر مودی کے دوست ہیں۔ راہول نے مزید کہاکہ ’’رافیل پر بحث کیلئے وزیراعظم مودی کے ساتھ مجھے 15 منٹ دیجئے اور پھر سارے ملک کو سچ کا پتہ چل جائیگا‘‘۔ راہول نے وزیردفاع نرملا سیتا رامن کی مذمت کرتے ہوئے ان پر پارلیمنٹ میں جھوٹ بولنے اور رافیل پر ان ( راہول ) کے سوال کا جواب دینے سے گریز کا الزام عائد کیا ۔ انھوں نے کہاکہ ایچ اے ایل کو مالیہ کی شدید قلت کا سامنا ہے چنانچہ اس کے بہترین اور باصلاحیت سائنسداں و انجینئرس اب رافیل کنٹراکٹ کے حامل انیل امبانی گروپ جانے کیلئے مجبور ہوں گے ۔