ملک کو بھاری قیمت چکانی پڑے گی، راہول گاندھی کا انتباہ
نئی دہلی ۔ 18 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس قائد راہول گاندھی نے مہلک کورونا وائرس سے حتمی طور پر نمٹنے میں نااہلی کا حکومت پر الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وائرس سے نمٹنے میں حکومت کی نااہلی کی ملک کو بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس وائرس سے مؤثر طور پر نمٹنے کیلئے فوری جارحانہ اقدامات کرنا ضروری ہے۔ ایسا کرنے میں ناکامی کی صورت میں ملک کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا اور بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔ ملک میں کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے میں نریندر مودی کی زیرقیادت بی جے پی حکومت پر انہوں نے شدید تنقید کی۔ دوسری طرف مرکزی وزارت صحت نے بتایا کہ ملک کے مختلف حصوں سے کوروناوائرس سے متاثرہ 10 نئے کیسیس سامنے آئے ہیں اس طرح ملک میں متاثرین کی تعداد بڑھ کر 147 ہوگئی ہے۔ وزارت نے بتایا کہ متاثرین میں 25 بیرونی شہری بھی شامل ہیں۔ اس وائرس سے تاحال تین افراد کی موت ہوئی ہے۔ کرناٹک کے کلبرگی، دہلی اور کل ممبئی میں ایک ضعیف شخص کی اس وائرس سے موت ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔ زائد از 5700 افراد کو شدید طبی نگرانی میں رکھا گیا ہے جو مثبت کیسیس کے رابطہ میں تھے۔ دہلی میں اب تک کوروناوائرس کے 10 مثبت مریض پائے گئے جن میں ایک بیرونی شہری ہے۔ اترپردیش میں اس کے 16 متاثرین ہیں جن میں بیرونی شہری بھی شامل ہیں۔ سب سے زیادہ مہاراشٹرا میں کوروناوائرس کے 41 مریضوں کی اطلاع ہے جن میں تین بیرونی شہری شامل ہیں۔ کیرالا میں 27 افراد متاثر ہوئے ہیں جہاں دو بیرونی شہری اس کا شکار ہیں۔
